پاکستان ریلوے کا عید سپیشل آپریشن مکمل،’سمر ویکیشن سپیشل‘‘ کا بھی اعلان کردیاگیا

پاکستان ریلوے کا عید سپیشل آپریشن مکمل،’سمر ویکیشن سپیشل‘‘ کا بھی اعلان ...

لاہور (سٹی رپورٹر)پاکستان ریلوے کا عید سپیشل آپریشن گزشتہ روز 19جون کو مکمل ہو گیا۔ پانچویں عید سپیشل ٹرین ملتان کینٹ سے منگل کی صبح سات بجے روانہ ہو کر کوٹ ادو،مظفر گڑھ ،کندیاں ،داؤدخیل ،جنڈ اور اٹک سٹی سے ہوتی ہوئی رات سوادس بجے راولپنڈی پہنچی ۔عید سے پہلے پاکستان ریلوے کراچی،کوئٹہ اور راولپنڈی سے چار خصوصی ٹرینیں چلا چکا ہے جبکہ دوسری طرف گزشتہ روز 18جون سے پاکستان ریلویز نے ’’سمر ویکیشن سپیشل‘‘ کا بھی اعلان کے مطابق آغاز کر دیا ہے ۔سمر ویکیشن سپیشل ٹرین 18جون کی دوپہر اڑھائی بجے راولپنڈی سے کراچی کے لئے روانہ ہو ئی ۔ راولپنڈی سے 22،26اور30جون کو مزید تین سمر سپیشل ٹرینیں کراچی کے لئے روانہ کی جائیں گی جبکہ کراچی سے کل 20جون کو رات 9بجے پہلی سمر ویکیشن سپیشل ٹرین راولپنڈی کے لئے روانہ ہو گی ۔ کراچی سے 24اور 28جون کو مزید 2سمر ویکیشن ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ ان ٹرینوں میں اے سی بزنس ، اے سی سٹینڈرڈ اور اکانومی کلاس کی سہولت ہو گی اور یہ حیدرآباد ، روہڑی،خانپور،بہاولپور ،خانیوال،ساہیوال، اوکاڑہ، رائے ونڈ ،لاہور ،گوجرانوالہ ، وزیرآباد ، گجرات ، لالہ موسیٰ اور جہلم میں سٹاپ کریں گی۔ ان ٹرینوں کے لیے آن لائن ریزرویشن کی سہولت بھی مہیا کردی گئی ہے۔ چیئرمین پاکستان ریلویز محمدجاوید انور، چیف ایگزیکٹوآفیسر محمدآفتاب اکبر اور یڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی نے کامیاب اور باسہولت عید آپریشن پر ریلوے سٹاف کی خدمات کو سراہا ہے اور بہترین کارکردگی کے اظہار پر انہیں مبارکباد دی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...