اقوامِ متحدہ کی سرزنش کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں:سیدعلی گیلانی
سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں ، ظلم وبربریت اور قتل وغارت گری کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافے پر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی حالیہ سرزنش کے باوجود بھارتی فوج طاقت کے نشے میں نہتے کشمیری عوام کومسلسل تہہ وتیغ کررہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کی طرف سے ظلم و بربریت کی ان وحشیانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی موجودہ فرقہ پرست حکمران جماعت اور ان کی مقامی کٹھ پتلیاں نہتے کشمیریوں کو تختہ مشق بنانے میں کوئی شرم محسوس نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اورانکی ساتھیوں فہمیدہ صوفی اور دیگر اراکین کی گرفتاری کو طول دینے کی پولیس کی کارروائی پر افسوس ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ پولیس انتظامیہ نے ان خواتین حریت پسند رہنماؤں کو پولیس سٹیشن رامباغ میں نظربندکر رکھا ہے جبکہ انہیں نظربندی کے دوران تمام بنیادی سہولتوں سے بھی محروم رکھا جارہا ہے ۔