مسلم لیگ ن نے جولائی میں ملک گیر عوامی رابطہ مہم کی تیاری شروع کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ ن نے جولائی میں ملک گیر عوامی رابطہ مہم کی تیاری شروع کر دی ہے۔نجی نیوز چینل ہم نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اپنی جماعت کی جانب سے تحریک کی قیادت کریں گی، جس کا آغاز 7 جولائی کو سندھ کے دارالحکومت کراچی سے ہو گا۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر کراچی کے بعد اندرون سندھ کے مختلف ڈویڑنوں کا بھی دورہ کرینگی جس کا شیڈول تیار کر لیا گیا ہے۔ مریم نواز سندھ میں جلسوں، ورکرز کنونشنز سے خطاب بھی کرینگی۔مریم نواز جولائی کے وسط میں حیدر آباد میں بھی جلسے سے خطاب کرینگی، جس کے بعد بے نظیر آباد اور میرپورخاص ڈویڑنز میں بھی عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں جلسے کئے جائیں گے۔ن لیگ کا مشاورتی اجلاس 21 جون کو طلب کر لیا گیا جس میں مریم نواز کے دورہ سندھ کی تاریخوں کوحتمی شکل دی جائے گی۔