غذا کو بہتر اور صحت بخش بنانے کے لیے کوشاں ہیں،عذرا پیچوہو
کراچی (اکنامک رپورٹر) صوبائی وزیر صحت عذرا افضل پیچوہو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ عوام کی غذا کو بہتر اور صحت بخش بنانے کے لیے غذائی مداخلت کے مختلف طریقہ کار پر عملر پیرا ہے۔ یقینا فوڈ فورٹیفیکشن“ ان میں سے ایک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں بدھ کو برطانوی حکومت کی جانب سے صوبہ سندھ میں فوڈ فورٹیفیکشن پروگرام“ کی تعارفی تقریب کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔ اس موقع پر (ڈی ایف آئی ڈی) کی ہیڈ مس جوانا ریڈ، صوبہ سندھ کے چیف سیکریٹری سید ممتاز علی شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وزیرصحت عذرا پیچوہو نے کہا کہ غذائی قلت چیلنجز کو حل کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں اور ہم عہد کتے ہیں کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق فورٹیفائیڈ گندم کا ”ایڈیبل آٹا“ معاشرے کے ان لوگوں تک پہنچائیں گے جو غذائی قلت کا سامنا کررہے ہیں۔ ڈی ایف آئی دی ہیڈ جوانا ریڈ نے کہا کہ پاکستان میں غذائی قلت کے مسئلے کو حل کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔ صوبہ سندھ میں غذا میں مائیکرونیوٹرنٹ کی کمی جس کو بھوک کے نام سے جانا جاتا ہے، پر قابو پانا انتہائی دشوار گذار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”فورٹیفائیڈ“ آٹا اور تیل ایک کم قیمت حل ہے جس کے ذریعے ضروری وٹامنز اور منرلز کو غذا کا حصہ بنا کر غذائی قلت پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ جوانا ریڈ نے گڈ لک فلور ملز کا دورہ کیا اور وہاں آٹے کی فورٹیفیکیشن کے لیے نصب کیے جانے والے فیڈرز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر حکومت سندھ کا وفد، برطانوی ہائی کمیشن اور ایف ایف پی کے حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔