ڈولفن فورس کا ایک اور کارنامہ سامنے آگیا

ڈولفن فورس کا ایک اور کارنامہ سامنے آگیا
ڈولفن فورس کا ایک اور کارنامہ سامنے آگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کرائم رپورٹر) اربوں روپے کے فنڈز سے جرائم کی روک تھام کے لیے لاہور کی سڑکوں پر لائی جانیوالی ڈولفن فورس کی کا ر کردگی پر سوالیہ نشان، ڈولفن فورس کی شہری پر فائرنگ کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، گلبرگ نبی پورہ میں اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے نوجوان عمر رضا زخمی ہو گیا ہے جسے ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے۔

زخمی کے مطابق وہ والدہ کی دوائی لیکر واپس گھر جارہا تھا کہ ڈولفن اہلکاروں نے اس پر فائرنگ کردی،گولی اس کی ٹانگ میں لگی،زخمی نوجوان کی والدہ نے الزام لگایا ہے کہ لے دے کر معاملہ رفع دفعہ کرنے کو کہا جارہا ہے نہ ماننے کی صورت میں سنگین دھمکیاں مل رہی ہیں۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے ڈولفن فورس کے اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے شہری کے زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرنے کے ساتھ واقعے میں ملوث ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی کا حکم دیا جس پر سی سی پی او لاہور نے ابتدائی رپورٹ آئی جی پنجاب کو پیش کردی ہے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعہ میں ملوث ڈولفن فورس کے چاروں اہلکاروں کو معطل کرکے نکوائری کا آغاز کردیا ہے اور واقعہ کی انکوائری رپورٹ مکمل ہونے کے بعدقصور واروں کے خلاف قانون کے مطابق محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، افسوس ناک امریہ ہے کہ شہر میں ڈولفن فورس کی فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ان کی فائرنگ سے اب تک شہریوں کی ہلاکت کے دو جبکہ زخمی اور تشدد کے 6واقعات پیش آچکے ہیں۔