10 گرام سونے کی قیمت میں 1715 روپے کا اضافہ ، فی تولہ کتنا مہنگا ہوا؟ اگلے پچھلے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) عالمی مارکیٹ میں ریکارڈ اضافے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت نے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 38 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس کے باعث فی اونس سونا 1380 ڈالر کا ہوگیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں ریکارڈ اضافے کے اثرات پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر بھی پڑے اور سونا اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ کر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق جمعرات کے روز پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں سونے کی 10 گرام قیمت میں 1715 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 64 ہزار 315 روپے ہوگئی ہے۔ پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار روپے کا اضافہ ہوا اور یہ تاریخ کی بلند ترین سطح 77 ہزار 350 روپے پر پہنچ گیا ہے۔