ملک میں مسلسل ٹرین حادثے وزیر ریلوے کی نا اہلی اور ناکامی کا ثبوت ہیں:چودھری منظور

ملک میں مسلسل ٹرین حادثے وزیر ریلوے کی نا اہلی اور ناکامی کا ثبوت ہیں:چودھری ...
ملک میں مسلسل ٹرین حادثے وزیر ریلوے کی نا اہلی اور ناکامی کا ثبوت ہیں:چودھری منظور

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل چودھری منظور احمد نے کہا ہے کہ حیدر آباد  ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں،ریلوے مزدوروں کا ڈیوٹی کے دوران جان کھو دینا ریلوے سسٹم کی بدترین ناکامی ہے۔

چودھری منظور احمد نے کہاکہ جناح ایکسپریس کا حادثہ انتہائی خطرناک تھا ،شکر ہے تمام مسافر محفوظ رہے، تبدیلی سرکار نے ہر وزارت اور محکمہ ریلوے کی طرح ناکارہ کر دیا ہے،ملک میں مسلسل ٹرین حادثے وزیر ریلوے کی نا اہلی اور ناکامی کا ثبوت ہیں،لگتا ہے شیخ رشید کا اصل ٹاسک سیاسی جماعتوں کیخلاف بدزبانی اور الزام تراشی کا ہے، اسی لیے ریلوے کا محکمہ برباد ہو رہاہے۔انہوں نے کہاکہ اب تک درجنوں چھوٹے اور 11بڑے حادثے ہوچکے ہیں،ان حادثوں میں 45قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، 80کروڑ کا نقصان ہوا ہے،شیخ رشید اپنی وزارت پر توجہ دیں، سیاسی پنڈت نہ بنیں،شیخ رشید ہلاکتوں سے بے خبر ہونے پر افسران کو ڈانٹنے کی بجائے اپنی نااہلی تسلیم کریں۔

واضح رہے کہ حیدر آباد میں جناح ایکسپریس اور مال گاڑی کے افسوسناک تصادم میں 4 افرا د جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ  نے ٹرین حادثے پر شیخ رشید احمد کے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نالائق اعظم مغربی جمہوریت پر چلتے ہوئے اپنے چپڑاسی سے استعفیٰ لے،ہر حادثے پر راولپنڈی کا شیطان برساتی مینڈک کی طرح نالہ لئی میں چھپ جاتا ہے،اپوزیشن کے خلاف مراثی پن کے بجائے ریل اور مسافروں پر توجہ دی ہوتی تو حادثہ نہ ہوتا، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کا قاتل شیدا ٹلی ہے، جاں بحق ہونے والوں کے قتل کی ایف آئی آر شیدے ٹلی کے خلاف کرائی جائے ۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور