اخبار فروش رہنما چودھری نذیر کا انتقال

اخبار فروش رہنما چودھری نذیر کا انتقال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ہنس مکھ، صدا مسکراتے، مہذب اور دھیمی آواز والے، مہربان فیڈریشن آف اخبار فروش یونینز کے چیئرمین اور اخبار فروش یونین لاہور کے صدر روزنامہ پاکستان کے دیرینہ رفیق کار اور نیوز ایجنٹ چودھری نذیر احمد بھی اللہ کو پیارے ہو گئے، چند روز قبل بخار کی شکایت پر ان کو ہسپتال داخل کرایا گیا تھا، گزشتہ روز ان کا انتقال ہو گیا، ان کی وفات اخبار فروشوں ہی نہیں، ابلاغی صنعت کے لئے بھی سخت صدمے کا باعث بنی ہے۔ جواں سال چودھری نذیر احمد تندرست اور چلتے پھرتے متحرک تھے، ڈاکٹر حضرات نے توجہ اور محنت سے علاج کیا۔ ان کی بھرپور محنت کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے اور انتقال کر گئے۔چودھری نذیر بڑے ہر دلعزیز رہنما تھے۔ ان کے والد جودھری منظور احمد (مرحوم) بھی لاہور اخبار فروش یونین کے صدر منتخب ہوتے رہے اور بالآخر ان کو تاحیات صدر چن لیا گیا، چودھری نذیر مرحوم بھی والد کے نقش قدم پر اپنی پیشہ ورانہ برادری کی بھرپورخدمت کرتے چلے آ رہے تھے۔ ان کے اخباری صنعت کے مالکان، ذمہ داران اور صحافتی برادری سے بھی گہرے اور خوشگوار مراسم تھے، ان کی وفات کی خبر آناً فاناً پھیل گئی اور انتہائی دکھ ا ور کرب سے سنی گئی۔ گزشتہ روز ان کو سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں ابلاغی صنعت سے متعلق تمام شعبوں کے سینئر اراکین نے بھی شرکت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔مرحوم روزنامہ پاکستان کیساتھ اول روز سے وابستہ تھے اور انہوں نے اخبار کی ترقی کے لئے بھرپور محنت کی اور توجہ دی بلکہ سرپرستانہ کردار ادا کیا۔ادارہ روزنامہ پاکستان اور تمام کارکن چودھری نذیر کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے، ان کی مغفرت، پسماندگان اور چاہنے والوں کے لئے صبر کی دعا کرتے ہیں۔ اللہ ان کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔

مزید :

رائے -اداریہ -