بھارت کا سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہونا پی ٹی آئی کی مہربانی،شہبازشریف

بھارت کا سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہونا پی ٹی آئی کی مہربانی،شہبازشریف

  

لاہور (جنرل رپورٹر، آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بھارت کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیرمستقل رکن منتخب ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا سلامتی کونسل کا غیرمستقل رکن بننا مودی کے یاروں کی مہربانی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا پی ٹی آئی حکومت نے نامزدگی میں بھارت کی حمایت کرکے پاکستان اور کشمیرکے عوام کے ارمانوں کا خون کیا جبکہ بھارت کے مقابلے میں متبادل نامزدگی کی کوششیں نہ ہونا سفارتی محاذ پر ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے۔شہبازشریف نے نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خارجہ جتنا زور ملک میں اپوزیشن کے خلاف لگاتے ہیں، بھارت کے خلاف مظاہرہ کرتے توبھارت کا راستہ روکا جاسکتا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور اقوام متحدہ کے منشور، عالمی قانون کی دھجیاں اڑانے والے ملک کی کامیابی افسوسناک ہے جبکہ بھارت کی کامیابی سے مظلوم اور قانون پسند انسانوں کو اقوام متحدہ اور عالمی ضمیر سے متعلق منفی پیغام ملا ہے۔علاوہ ازیں میاں شہبازشریف نے گھوٹکی میں رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کی اور دو اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ زخمی رینجرز اہلکار اور شہری کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

شہبازشریف

مزید :

صفحہ اول -