پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونیوالے افراد کی اوسط عمر 60سال

پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونیوالے افراد کی اوسط عمر 60سال

  

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی اوسط عمر 60 سال بتائی گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 74 فیصد افراد کی عمر 50 سال سے زائد ہے جبکہ کورونا سے جاں بحق 73 فیصد افراد پہلے سے مختلف دائمی بیماریوں کا شکار تھے۔ پاکستان میں اموات کی شرح کی بات کی جائے تو پاکستان میں اموات کی شرح 1.93 فیصد ہے جبکہ عالمی سطح پر یہ شرح 5.37 فیصد ہے۔ ملک بھر میں مہلک وائرس کے مصدقہ کیسز کی یومیہ تعداد میں مسلسل تیسرے روز بھی کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔ گزشتہ 3 روز کے اعداد و شمار دیکھے جائیں تو پتا چلتا ہے کہ پاکستان میں یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 16 جون کو رپورٹ ہونے والے نئے مصدقہ کیسز کی تعداد 5 ہزار 839 تھی، اسی طرح 17 جون کو 5 ہزار 358 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں رپورٹ ہونے والے نئے کیسز کی تعداد 5 ہزار سے کم ہے۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے نئے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 4 ہزار 944 ہے۔ کورونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی کے باوجود ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث 136 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 3 ہزار 229 ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 65 ہزار 62 ہو گئی ہے جن میں سے 59 ہزار 711 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک پاکستان میں مجموعی طور پر 10لاکھ 11 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -