ایس آئی یو ٹی نے اپنے فرنٹ لائن کارکنوں کو خراج تحسین

ایس آئی یو ٹی نے اپنے فرنٹ لائن کارکنوں کو خراج تحسین

  

کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن(ایس آئی یو ٹی)میں کوویڈ 19 کے مریضوں کی خدمت میں مصروف عمل فرنٹ لائن کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس میں خاص طور پر ایس آئی یوٹی کی اسٹاف نرس امبرین خالد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وہ ادارے میں کوویڈ مریضوں کی خدمت پر مامور تھیں اور کورونا وائرس کے باعث 14 جون بروزاتوار کو انتقال کر گئیں تھیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایس آئی یو ٹی پروفیسر ادیب رضوی نے تعزیتی اجلاس میں مرحومہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔اسٹاف نرس امبرین خالد کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امبرین اس ادارے کا اثاثہ تھیں جو ہمیشہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں نہایت مخلص، مثالی اور پرجوش نظر آتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جگہوں کی طرح جو لوگ ایس آئی یو ٹی میں کام کر رہے ہیں وہ بھی کرونا کے خطرے سے دوچار ہیں لیکن تمام احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایس آئی یو ٹی کی ٹیم جوش و جذبے اور لگن کے ساتھ اس وبائی مرض کا مقابلہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی یو ٹی نے کوویڈ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مارچ کے وسط میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی اورساتھ ہی کورونا کے مریضوں کے لئے ہیلپ لائن قائم کرتے ہوئیسکریننگ، ٹیسٹ، اور طبی مشاورت فراہم کرنے کا اقدام اٹھایا۔امبرین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایس آئی یو ٹی کی میٹرن اسٹاف نرس محترمہ شہناز نے کہا کہ امبرین عمدہ خوبیوں کی ما لک تھیں انہوں نے بہترین تعلیمی پس منظر کے ساتھ ایس آئی یو ٹی جوائن کیا اور بعد میں اپنے شعبے کے تمام امتحانات میں بھی کامیابی حاصل کی۔انہوں نے بتایا کہ اس مہینے کی 13 تاریخ کو، وہ کوویڈ 19کے باعث شدید بیمار ہوئیں اور انہیں ایس آئی یو ٹی کے کوویڈ آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا جہاں اتوار کو ان کا انتقال ہوگیا۔اس موقع پر پروفیسر ظفر حسین نے بھی اسٹاف امبرین کی بے لوث خدمات کی تعریف کرتے ہوئے اپنا اظہار خیال کیا۔تعزیتی جلسہ میں ایس آئی یو ٹی کے عملے کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی جنہوں نے بعد میں مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

مزید :

صفحہ آخر -