تاجروں نے مارکیٹوں کی بندش کو کراچی کیساتھ دشمنی قرار دیدیا
کراچی (سٹاف رپورٹر)چھوٹے تاجروں نے کورونا کی آڑمیں اہم مارکیٹوں کی ممکنہ طورپر دوبارہ بندش کو کراچی کے ساتھ دشمنی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ دنیا بھر میں کاروباری سرگرمیاں بحال جبکہ کراچی میں بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے اس ضمن میں کہاکہ ڈھائی ماہ کاروبار کی بندش کے سبب لوگ بیروزگار اور مقروض ہوچکے ہیں، اگر لاک ڈاؤن اب کرنا تھا تو ڈھائی ماہ کاروباری نقصانات کا ازالہ کون کرے گا۔رضوان عرفان نے کہا کہ مارکیٹوں میں لوگ محدود وقت کے لیے آتے ہیں یہاں وائرس کی منتقلی کے امکانات بہت کم ہیں، آبادیوں میں میل جول پر کوئی پابندی نہیں جو مرض کے پھیلا ؤکا گڑھ ہیں لہذا کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔آل سٹی تاجر اتحاد کے چئیرمین حکیم شاہ نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کو بھی کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پرتشویش ہے جو لاک ڈاؤن کو موثر بنانے کیلئے وفاق اور سندھ حکومت کا ساتھ دینگے لیکن حکومت چھوٹے تاجروں کو ریلیف دینے کا اپنا وعدہ بھی پوراکرنے کی ضرورت لے۔ حکیم شاہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ تاجروں کے کاروبار بند ہونے کا خدشہ ہے لہذا حکومت ہوش کے ناخن لیں، موجودہ حالات میں ہم سب کو اپنے پیاروں کی زندگیاں بچانے کیلئے ایک قوم بن کرکورونا سے مقابلہ کرنا ہوگا۔عوام اور تاجر کوروناکے پھیلاؤ کو روکنے اوراس سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر عمل کریں جبکہ تاجربرادری لاک ڈاؤن میں مزید توسیع سے بچنے کیلئے لاک ڈاؤن کو کامیاب بنائیں۔