ملتان:پولیس لاک ڈاؤن ایریاز میں قانون پرعمل درآمد کیلئے متحرک

      ملتان:پولیس لاک ڈاؤن ایریاز میں قانون پرعمل درآمد کیلئے متحرک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان (خصو صی رپورٹر  )ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے سمارٹ لاک ڈاون کے علاقوں میں انتظامات کے حوالے حکم نامہ جاری کر دیا ہے،لاک ڈاون ایریاز میں پولیس قانون پر مکمل عملدرآمد کرائے گی،محکمہ صحت ہر لاک ڈاون ایریا میں فوکل پرسن تعینات کرے گا جب کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ایریا میں بہترین صفائی کے انتظامات کرے گی، محکمہ سول ڈیفنس پولیس کی مدد کے لئے ہر لاک ڈاون ایریا میں 6 رضاکار تعینات کرے گی،میٹرو پولیٹن کارپوریشن ہر ایریا میں (بقیہ نمبر35صفحہ6پر)
کیمپ لگائے گی،مارکیٹ کمیٹی ایریا میں اشیائے ضروریہ کی سپلائی یقینی بنائے گی،ریسکیو 1122 کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے سٹاف تعینات کرے گا جب کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی،سوئی گیس اور سیوریج مسائل کے حل کے لئے متعلقہ محکمے ذمہ دار ہونگے۔دوسری طرف کورونا وائرس پھیلنے کے خدشہ کے پیش نظر سمارٹ لاک ڈاون کے ایریاز میں نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے جب کہ ان ایریاز میں آنے جانے کو محدود کرنے کے حوالے سے پابندی ضابطہ فوجداری کی دفعہ144 کے تحت لگائی گئی ہے اور یہ سمارٹ لاک ڈاون 30 جون تک جاری رہے گا، ان ایریا میں تمام شاپنگ مالز،ریسٹورنٹس، نجی اور پرائیویٹ دفاتر بند رہیں گے ان علاقوں میں پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ پر مکمل پابندی ہو گی،ساتھ ہی مستثنیٰ قرار دی گئی دکانوں یا مقامات پر جانے کے لئے ایک گاڑی میں ایک فرد کو جانے کی اجازت ہو گی، سماجی،مذہبی اور ہر طرح کے اکٹھ پر پابندی ہو گی،کریانہ سٹور،آٹا چکی،پھل و سبزیوں کی دکانوں اور پٹرول پمپس کو صبح9 بجے سے شام7 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی،ہسپتال،میڈیکل سٹورز و لیبارٹریز کوپابندی سے استثنیٰ حاصل ہو گا،دودھ،چکن،مچھلی، گوشت اور بیکریز کو صبح 7 بجے سے شام7 بجے کھولنے کی اجازت ہو گی۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید نے گزشتہ روز ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کے ہمراہ لاک ڈاون ایریاز کا دورہ کیا اور سمارٹ لاک ڈاون یقینی بنانے کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا،سمارٹ لاک ڈاون کی زد میں آنے والے ایریاز کے داخلی و خارجی راستوں پر خاردار باڑ لگا دی گئیں ہیں،تمام پرائس مجسٹریٹس کو لاک ڈاون ایریا میں مارکیٹیں چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،لاک ڈاون ایریاز میں پابندی سے مستثنیٰ شاپس کے علاوہ تمام دکانیں بند رہیں گی،مارکیٹ کمیٹی متاثرہ علاقوں میں پھل،سبزیاں اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے گزشتہ روز سمارٹ لاک ڈاون ایریاز کا دورہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرسٹی عابدہ فرید، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرارشد ملک، پولیس افسران، ریونیو اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اعجاز سلیم بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ایم ڈی اے چوک کے اطراف میں واقع آبادیوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے شاہ رکن عالم اور نیو ملتان کے سمارٹ لاک ڈاون کی زد میں آنیوالے بلاکس کا بھی وزٹ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کا لاک ڈاون کی گئی سٹریٹس کو خاردار باڑ سے بند کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ لاک ڈاون کئے گئے ایریازمیں غیر ضروری نقل و حمل پر پابندی لگا دی جائے،پولیس کی مدد کے لئے سول ڈیفنس اور کارپوریشن کا مزید سٹاف تعینات کیا جائے،عامر خٹک نے کہا کہ محکمہ صحت نے جن ڈاکٹرز کو ایریاز کا فوکل پرسن نامزد کیا ہے ان کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے،لاک ڈاون ایریاز میں ریسکیو1122 اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈس انفکشن کا عمل شروع کرے،عامر خٹک نے کہا کہ لاک ڈاون ایریاز میں ادویات،دودھ، سبزی فروٹ اور دیگر اشیائے ضروریہ کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے،آئندہ میں خود لاک ڈاون ایریاز کا اچانک وزٹ کروں گا،لاک ڈاون ایریاز میں تعینات افسران اور اہلکاروں کی طرف سے ڈیوٹی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،کورونا وائرس کا خاتمہ کرکے لاک ڈاون کے فیصلے کو نتیجہ خیز بنانا ہے،ڈپٹی کمشنر نے شاہ رکن عالم کالونی اور نیو ملتان میں لوڈ شیڈنگ کا بھی نوٹس لیا اور میپکو حکام کوفون کرکے ریپئر اینڈ مینٹی نینس کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے حکم دیا کہ آج سے لاک ڈاون والے علاقے میں کوئی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے۔
متحرک