ڈالر اور سونا ملکی تاریخ کی بلند سطح پر پہنچ گیا، سٹا ک مارکیٹ میں مندی برقرار

ڈالر اور سونا ملکی تاریخ کی بلند سطح پر پہنچ گیا، سٹا ک مارکیٹ میں مندی برقرار

  

کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستانی کرنسی مارکیٹوں میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی بے قدری کا سلسلہ برقرار،سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی،پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی مندی چھائی رہی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید10پیسے کے اضافے سے166.40روپے سے بڑھ کر166.50روپے اور قیمت فروخت166.70روپے سے بڑھ کر166.80روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید50پیسے کے اضافے سے166.20روپے سے بڑھ کر166.70روپے اور قیمت فروخت166.70روپے سے بڑھ کر167.20روپے پر جا پہنچی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید184روپے اور قیمت فروخت186روپے مستحکم رہی جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید205.30روپے سے گھٹ کر 205روپے اور قیمت فروخت207.30روپے سے گھٹ کر207روپے ہوگئی۔سعودی ریال کی قیمت خرید43.60روپے سے بڑھ کر43.80روپے اور قیمت فروخت44.10روپے سے بڑھ کر44.30روپے ہوگئی جبکہ یواے ای درہم کی قیمت خرید44.60روپے سے بڑھ کر44.80روپے اورقیمت فروخت45.10روپے سے بڑھ کر45.30روپے ہوگئی۔دوسری جانب عالمی گولڈمارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 9ڈالر اضافہ سے فی اونس سونے کی قیمت 1736ڈالر تک پہنچ گئی، دوسری جانب پاکستان میں بھی سونے کی نئی قیمتوں نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔مقامی صرافہ مارکیٹوں میں گزشتہ روز فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 1400روپے اور 1200کا اضافہ ہوگیا۔کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت اضافے کے بعد نئی بلند ترین سطح ایک لاکھ 700روپے پر پہنچ گئی جبکہ دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 86ہزار 334روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی مندی چھائی رہی،کے ایس ای100انڈیکس مزید100.90پوائنٹس کی کمی سے33438.95پوائنٹس کی سطح پر آگیا، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو18ارب 23کروڑ35لاکھ روپے کا نقصان اٹھاناپڑا۔تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہواجس کے باعث ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس33701پوائنٹس کی بلد سطح کو چھو گیا تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی فروخت کا دباوٗ بڑھنے سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی،مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 100.90پوائنٹس کی کمی سے33438.95پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ میں گذشتہ روز 319کمپنیوں کے حصص کاروبار ہوا جن میں سے83کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ215میں کمی اور21میں استحکام رہا۔

ڈالر /سونا

مزید :

صفحہ آخر -