شہریوں کو سہولیات کی باآسانی فراہمی پولیس کا نصب العین ہے: آئی جی پنجاب
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ ماڈرن پولیسنگ کے مطابق شہریوں کو سہولیات کی باآسانی فراہمی پنجاب پولیس کا نصب العین ہے اسی لئے صوبے کے تمام اضلاع میں خدمت مراکز کا دائرہ کار پھیلا دیا گیاہے جہاں شہری پولیسنگ سے متعلقہ 14اہم سہولیات بغیر کسی پریشانی آن لائن جدید انٹی گریٹڈ سسٹم کے ذریعے باآسانی حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں مزید شفافیت آئی ہے بلکہ تیز رفتار سسٹم کے ذریعے سروس ڈلیوری کا عمل مزید تیز اور بہتر ہوگیا ہے جس سے شہریوں کا قیمتی وقت اور سرمایہ دونوں محفوظ ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحریہ ٹاؤن لاہو ر میں پولیس خدمت مرکز کی نئی عمارت اور بذریعہ آن لائن راولپنڈی پولیس کے 9مختلف پراجیکٹس کے افتتاح کے موقع پر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔بحریہ ٹاؤن لاہور میں سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے خدمت مرکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جدید انٹی گریٹڈ خدمت مرکز میں شہری کریکٹر سرٹیفکیٹ،کرایہ داری اندراج، پولیس ویری فیکشن رپورٹ، موبائل فونز و گاڑی کے ریکارڈ اور لائسنسنگ کی سہولیات سمیت ایک درجن سے زائد سروسز سے استفادہ کرسکیں گے۔انہوں نے مزیدکہاکہ عوام کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے خدمت مراکز کی ”ایپ“ بھی تیار کی گئی ہے جسے شہری اپنے موبائل فونز میں ڈاؤن لوڈ کرکے گھر بیٹھے نہ صرف فراہم کردہ سہولیات بارے انفارمیشن حاصل کرسکتے ہیں۔
بلکہ اپنے وزٹ کیلئے ٹائم کی بک کرواسکتے ہیں جس سے انہیں غیر ضروری انتظار کی زحمت کا سامنا بھی نہیں کرناپڑے گا۔بعد ازاں سنٹرل پولیس آفس میں بذریعہ آن لائن ہونے والی تقریب میں آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے عوام کوسروس ڈلیوری کی باآسانی فراہمی کیلئے راولپنڈی پولیس کے 9جدید پراجیکٹس کا افتتاح کیا جن میں رپورٹنگ سنٹر اینڈ خدمت مرکزبرائے ٹرانسجینڈرز، رپورٹنگ سنٹر اینڈ خدمت مرکزبرائے خواتین،پولیس خدمت مرکز گوجر خان، پولیس خدمت مرکز ٹیکسلا، پولیس خدمت مرکز ٹریفک ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی،سٹیٹ آف دی آرٹ لائسنسنگ برانچ راولپنڈی، آن لائن چوکی سسٹم، 111 CPO RWP ہیلپ لائن اور پولیس لائن راولپنڈی کے نئے گیٹ کا افتتاح شامل ہے۔راولپنڈی پولیس کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کوبتایا کہ ان پراجیکٹس کی بدولت شہریوں کے مسائل میں کمی اور پولیس کی مجموعی پرفارمنس میں مزید بہتری آئے گی جبکہ جدید لائسنسنگ برانچ میں پیپر لیس لائسنس اجراء سسٹم اور آٹو میٹڈ ڈائیورنگ ٹیسٹ ویڈیو ریکارڈنگ سسٹم کا آغاز کیا گیا ہے جوسمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ آئی جی پنجاب نے توقع کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نئے خدمت مراکز فعال ہونے سے راولپنڈی کی عوام جدید سہولیات سے باآسانی مستفید ہوسکے گی جبکہ جدیدانٹی گریٹڈ سسٹم سے شہریوں کے مسائل کا خاتمہ اور دفتری امور کی انجام دہی میں مزید شفافیت آئے گی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ خدمت مراکز، پولیس اسٹیشنز سمیت دیگر پولیس دفاتر میں آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے انکی مکمل داد رسی کو یقینی بنایا جائے جبکہ سینئر افسران ان پراجیکٹس کی افادیت کو برقرار رکھنے کیلئے مانیٹرنگ اور انسپکشن کا عمل بھی جاری رکھیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ خدمت مراکز سمیت تمام پوائنٹس پر ڈیوٹی کرنے والے افسران و اہلکار فیس ماسک، ہینڈ سینیٹائزر سمیت سماجی فاصلوں کی پابندی کو ہرصورت یقینی بنائیں تاکہ وہ کورونا سے محفوظ رہ کر عوام کی جان وما ل کے تحفظ کا عمل مزید تندہی سے سر انجام دے سکیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مشکل سے مشکل حالات میں بھی پولیس فورس عوام کی جان ومال کے تحفظ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے جو ہمارے عزم و حوصلے اور نصب العین کا صیحح ترجمان ہے۔بحریہ ٹاؤن لاہور خدمت مرکز کی افتتاحی تقریب میں سی سی پی او لاہورذوالفقار حمید کے علاوہ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان،سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) سید حماد عابداور ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد جبکہ راولپنڈی پراجیکٹس کی افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس طارق مسعود یٰسین، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، ڈی آئی جی آپریشنز سہیل اختر سکھیرا موجود تھے اور آر پی او راولپنڈی سہیل حبیب تاجک، سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس اور سی ٹی او راولپنڈی سید علی اکبر نے بذریعہ آن لائن شرکت کی۔