جمعتہ المبارک کے موقع پر شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی

جمعتہ المبارک کے موقع پر شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان کے حکم پر جمعتہ المبارک کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر تمام آنے جانے والے افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے تمام ڈویڑنل ایس پیز،ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوزکو جمعتہ المبارک پر مساجد اورامام بارگاہوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی تھیں جس کی روشنی میں تمام ڈویڑنل ایس پیز،ڈی ایس پیزاور ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں مساجد اورامام بارگاہوں سمیت تمام اہم تنصیبات اور حساس مقامات کے حفاظتی انتظامات کا جائز لیتے رہے۔
جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے دوران ڈولفن سکواڈ اور PRUکے اہلکاروں نے شہر کی تمام حساس مساجداور امام بارگاہوں کے ارد گردموئثرپٹرولنگ کو یقینی بنایا۔ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کی ہدایت پر لاہور پولیس نے کورونا ایمر جنسی صورتحال کے پیش نظر حکومت کی جانب سے جاری کردہ 20نکاتی ہدایات پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ علماء کرام، مساجد انتظامیہ20نکاتی ہدایات کی پابندی سے عبادت گذاروں کو کورونا سے محفوظ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ضعیف افراد، بچے اور بیمار افراد عبادت گاہوں کی بجائے گھروں پر مذہبی فریضہ ادا کریں۔اشفاق خان نے مزید کہا کہ نمازی حضرات دوران عبادات سماجی فاصلے کی پابندی کریں، ماسک،سینیٹائزر لازمی استعمال کریں۔

مزید :

علاقائی -