سرحد چیمبر آف کامرس کے وفد کی کمشنر پشاور ڈویژن امجد علی سے ملاقات

سرحد چیمبر آف کامرس کے وفد کی کمشنر پشاور ڈویژن امجد علی سے ملاقات

  

پشاور (سٹی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اعلیٰ سطحی وفد کی کمشنر پشاور امجد علی خان سے ملاقات کے دوران تاجروں کے مسائل‘ سمارٹ لاک ڈاؤن سے پیدا نئی صورتحال اور دیگر اہم امور سے متعلق تفصیلاًتبادلہ خیال کیا۔ کمشنرامجد علی خان نے پشاور بھر کے تاجروں کو کورونا وائرس کے دوران مکمل تعاون کرنے پر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وائس پریذیڈنٹ عبدالجلیل جان کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے کمشنر پشاور امجد علی خان سے ملاقا ت کی۔ وفد میں سرحد چیمبر کے سابق صدور ریاض ارشد‘ حاجی محمد افضل اور جاوید اختر شامل تھے۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے رہنماؤں نے یونیورسٹی روڈ‘ صدر اور پشاور بھر کے تاجروں کے مسائل اور مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری نے مسلسل 2 ماہ سے زائد عرصہ حکومت کے احکامات کی پابندی کرتے ہوئے کاروبار کو مکمل بند کیا اور آج بھی SOPs کے تحت اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گاہکوں کی طرف ماسک نہ پہننے کی سزا دکانداروں کو نہ دی جائیں۔ سمارٹ لاک ڈاؤن میں اہل محلہ اور بازار کے دکانداروں کو کافی مشکلات درپیش ہیں۔ انتظامیہ اس سلسلے میں تاجر برادری کو اعتماد میں لیکر اقدامات اٹھائیں۔ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے شادی ہالز کے مسائل اور مطالبات کے حوالے سے بھی کمشنر پشاور کو ملازمین اور مالکان کی مشکلات سے آگاہ کیا۔ کمشنر پشاور نے تاجر برادری اور اس کے تمام رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کے تاجروں نے انتظامیہ کے ساتھ جس انداز اور حکمت کے ساتھ تعاون کیا پشاور انتظامیہ اور میں ذاتی طور پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کرتے ہوئے آئندہ ہفتے سرحد چیمبر کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -