محکمہ خوراک کی کارروائی‘ غیر معیاری 28 من کلیجی برآمد

محکمہ خوراک کی کارروائی‘ غیر معیاری 28 من کلیجی برآمد

  

پشاور(سٹی رپورٹر) محکمہ خوراک نے کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری 28من کلیجی برآمد کر کے تلف کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خوراک الحاج قلندر لودھی‘ سیکرٹری خوراک نثار احمد اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر احمد کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں تسبیح اللہ اور فوڈ انسپکٹر وحید یوسف نے ہشت نگری میں خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر کارروائی کی۔ محکمہ خوراک کے افسران نے کارروائی کے دوران کلیجی کے معیار کو چیک کیا جس سے اٹھنے والی تعفن پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کلیجی کو قبضے میں لے کر تلف کردیا۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ گروہ مختلف علاقوں سے لائی جانیوالی پیکٹوں میں بند کلیجی کو پورے شہر کو سپلائی کر رہے تھے جس کے خلاف خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران ضلع بھر میں غیر معیاری خوراک کی خرید و فروخت کرنیوالوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا کیونکہ شہریوں کو معیاری اور مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اطمینان رکھیں کہ محکمہ خوراک ان کو ہر صورت میں معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائے گی

مزید :

پشاورصفحہ آخر -