کورونا روک تھام، اے این پی کا ملک بھر میں دوہفتوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ

کورونا روک تھام، اے این پی کا ملک بھر میں دوہفتوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا ...

  

پشاور(سٹی رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ عمران خان اور اسکی ٹیم کے غیرسنجیدہ رویوں اور اعلانات سے کورونا وائرس تباہی پھیلارہی ہے۔ کورونا کو ڈرامہ، عام نزلہ زکام قرار دینے والے انسانی مجرم ہیں اور تباہی کے ذمہ دار بھی یہی اذہان ہیں۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین نے کہا کہ مسند اقتدارپر بیٹھے افراد کے رویوں کی وجہ سے عوام کی ذہنوں میں شکوک و شبہات پیدا کئے گئے۔حکمران ایک انسانی مسئلے کا تمسخر اڑاچکے ہیں، تباہی آئی تو ذمہ دار سلیکٹڈ حکومت اور سلیکٹرز ہوں گے کیونکہ اس وقت سلیکٹرز بھی تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ دیگر پالیسیوں کو تو نظرانداز کیا جاسکتا ہے لیکن انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنا کسی بھی صورت قابل برداشت نہیں۔ میاں افتخارحسین نے مطالبہ کیا کہ دو ہفتوں کیلئے کرفیو جیسے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا جائے کیونکہ اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد کو کم کرنے کا واحد راستہ ہی یہی ہے۔ کرفیو جیسا لاک ڈاؤن ہوگا تو مقامی طور پر اس وائرس کی منتقلی کو روکا جاسکے گا۔ روزانہ کی بنیاد پر 100کے قریب افراد موت کے منہ میں جارہے ہیں لیکن سلیکٹڈ حکمران اپوزیشن پر تنقید اور لاک ڈاؤن کی مخالفت کے علاوہ کوئی کام نہیں کررہے۔اگر رویہ یہی رہا تو ملک میں تباہی آنے میں دیر نہیں لگے گی اور جلد ہی سڑکوں پر نعشیں ہی نعشیں ہوں گی۔ میاں افتخارحسین نے کہا کہ عمران خان اور اسکی ٹیم کی نااہلی ہی کی وجہ سے عوام موت کے منہ میں جارہے ہیں۔ سمارٹ اور سلیکٹڈ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔ جہاں جہاں ٹیسٹ ہورہے ہیں وہاں مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے لیکن آج ہر محلے، ہر گلی، ہر گھر، بازار، مساجد اور حجروں میں کورونا کے مریض موجود ہیں لیکن حکومتی نااہلی کی وجہ سے ٹیسٹنگ کی سہولت نہیں دی جارہی۔ لاک ڈاؤن کی مخالفت پر تنقید کرتے ہوئے میاں افتخارحسین نے کہا کہ غریب زندہ رہیں گے تو محنت مزدوری کرسکیں گے۔ ملک کی معیشت سے زیادہ ملک کے عوام کی زندگیاں اہم ہیں۔ کوئی زندہ رہے گا تو یہ ملک سلامت رہے گا۔ اب بھی وقت ہے کہ سلیکٹرز اپنے سلیکٹڈ وزیراعظم کو سمجھائے کہ عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلا بند کرے۔حکومت اٹھارویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ جیسے حل شدہ مسائل کو چھیڑ کر کورونا وائرس سے عوامی توجہ ہٹانا چاہتی ہے لیکن عوام جان چکی ہے کہ نااہل اور نالائق حکومت کی وجہ سے دن بہ دن مریضوں اور مرنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔آج بھی ہم عوام سے اپیل کریں گے کہ تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ خود اس مرض سے اپنے آپ کو بچاسکیں

مزید :

پشاورصفحہ آخر -