اپوزیشن کو مایوسی پھیلانے کے علاوہ کوئی کام نہیں،مسرت جمشید

اپوزیشن کو مایوسی پھیلانے کے علاوہ کوئی کام نہیں،مسرت جمشید

  

لاہور(این این آئی)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ہر طرح کی کرپشن کا کاروبار رکنے کی وجہ سے اپوزیشن کے پاس کرنے کیلئے کوئی کام نہیں او رصرف مایوسی پھیلائی جارہی ہے۔اگر اپوزیشن نے مشکل کی اس گھڑی میں ”میں نہ مانوں“ کا بیانیہ نہ چھوڑا تو عوام ان کا کڑا محاسبہ کرینگے۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن اللہ تعالیٰ کی ذات کو حاضر ناظر جان کر بتائے کیا حکومت نے عوام کی جانیں اور کمزور طبقات کو مالی مشکلات سے بچانے کیلئے بروقت اور درست اقدامات نہیں کئے؟حکومت نے ہر وہ اقدام اٹھایا ہے جو انسان کے بس میں ہے اور انشا اللہ ہم اس مشکل وقت سے سر خرو ہوں گے۔حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے، متاثرہ مریضوں کو طبی امداد کی فراہمی اور لاک ڈاؤن کے اثرات کی زد میں آنے والوں کو ریلیف دینے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں اور غیر جانبدار حلقے بھی حکومت کی ستائش کر رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے اپوزیشن اپنی سیاست کی وجہ سے اسے تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں۔ علاوہ ازیں ترجمان پنجاب حکومت نے سند ھ رینجرز کے جوانوں پر دہشتگردی کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج اور پاکستانی قوم اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہوں گے بلکہ دہشتگردوں کا ہر جگہ پیچھا کیا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔

مسرت جمشید

مزید :

صفحہ آخر -