اخبار فروش یونین کے صدر چوہدری نذیراحمد شیرشاہ قبرستان شادمان میں سپردخاک
لاہور(ڈویلپمنٹ سیل،فلم رپورٹر)اخبار فروش یونین لاہور کے صدر اور روزنامہ پاکستان کے چیف نیوز ایجنٹ چوہدری نذیر احمد کی نماز جنازہ گزشتہ روز چنبہ ہاؤس میں ادا کی گئی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات، اخبار مالکان،دانشوروں،اخبار فروش یونین کے نمائندوں کی بہت بڑی تعدادنے شرکت کی۔ بعد ازاں مرحوم کو آہوں اور سسکیوں میں شیر شاہ قبرستان شادمان میں سپرد خاک کر دیاگیا،نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں میں ٹکا خان (آل پاکستان اخبار فروش یونین)،امیر العظیم،سلطان تنولی،نوید چوہدری،ارشد محمود،میاں اشفاق انجم،حاجی طارق اقبال،چوہدری عاشق علی،ملک منظور،فاروق تارڑ،حاجی خلیل احمد،آفتاب سلطان تنولی،صغیر امجد،سید مسعود علی شاہ اور چوہدری عارف کے نام نمایاں ہیں۔اخبار فروش برادری نے چوہدری نذیر احمد کے انتقال کو نا قابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ صدر اخبار فروش یونین لاہور چوہدری نذیر احمد گذشتہ20سال سے اخبار فروش یونین کے صدر تھے۔مرحوم پانچ بچوں کے باپ تھے۔بڑے بیٹے چودھری خلیق نذیر تعلیم مکمل کرنے کے بعد ان کے ساتھ کام کرتے تھے۔ یاد رہے کہ چوہدری نذیر احمد کورونا کے باعث خالق حقیقی سے جا ملے۔تقریبا ایک ہفتہ قبل ان کی اچانک طبیعت خراب ہوئی جس پر انہیں نوازشریف ہسپتال یکی گیٹ میں سات روزقبل داخل کروایا گیا تھا اس دوران ڈاکٹرز نے انہیں کورونا کی علامت ظاہر ہونے پر کورونا ٹیسٹ کروانے کے لئے نمونے لئے پانچ روز قبل چودھری نذیر احمد میں رپورٹ آنے پر ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی گزشتہ رات اچانک طبیعت مزید خراب ہو گئی جس پر ڈاکٹروں کی ٹیم نے چودھری نذیر احمد کی جان بچانے کے لیے ان تھک محنت کی مگر کامیاب نہ ہو سکے۔مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی آج سہہ پہر تین بجے جامعہ مسجد حنفیہ پٹیالہ ہاؤس جی او آر ون لاہور میں ہو گی دعا 5بجے ہو گی۔
سپر د خاک