کورونا زور پکڑنے لگا، مزید 6,604 کیسز رپورٹ، اموات کا بھی نیا ریکارڈ بن گیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان میں کورونا وائرس نے اپنے وار تیز کر دیئے ہیں اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 153 افراد دم توڑ گئے ہیں جبکہ 6,604 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 31,681 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد اب تک کیے جانے والے ٹیسٹوں کی تعداد 1,042,787 ہو گئی ہے، ٹیسٹوں کے بعد 6604 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی جس کے بعد پاکستان میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 171,666ہو گئی ہے جن میں سے 63,504 صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ہیں جبکہ 3,382 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔
سب سے زیادہ مریض
سندھ میں کورونا کیسز65,163، پنجاب میں کورونا کیسزکی تعداد 64,216 ہوگئی، خیبر پختونخواہ میں 20,790، بلوچستان میں 9,162، اسلام آباد میں کورونا کیسز 10,279، گلگت میں 1,253، آزاد کشمیر میں 803 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔این سی اوسی کے مطابق کورونا کیسزتین ہفتے تک مسلسل بڑھنے کے بعد مسلسل پانچ دنوں سے کیسزکی تعداد میں کمی آئی ہے تاہم پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 6,604 کورونا پازیٹوکیسزریکارڈ کیے گئے ہیں۔
اموات
کورونا وائرس کے باعث اب تک سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں تعداد 1,347 تک پہنچ گئی ہے ، سندھ میں 1,013، کے پی کے میں 789 ، اسلام آباد میں 95 ، بلوچستان میں 100، گلگت بلتستان میں 21 اور آزاد کشمیر میں 17 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔
وینٹی لیٹرز کی تعداد
این سی اوسی کے مطابق ملک میں کورونا مریضوں کیلئے مزید 103 وینٹی لیٹرزفراہم کیے گئے ہیں جس کے بعد کل تعداد 1503 ہوگئی جب کہ جولائی کے آخر تک ملک میں مزید 1500 وینٹی لیٹرفراہم کردیئے جائیں گے۔ ملک بھرمیں مزید 2150 آکسیجن بیڈز کی فراہمی کیلئے کام جنگی بنیادوں پرجاری ہے۔ این سی اوسی کے مطابق جولائی کے وسط تک ملک میں کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت ایک لاکھ یومیہ تک لے جائی جائیگی۔
لاک ڈائون
ادھرنواب شاہ اور حیدر آباد میں بھی سمارٹ لاک ڈاﺅن شروع ہو گیا ہے جبکہ لاڑکانہ کے بعض علاقوں میں آج سے اس کا آغاز ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے بعد سندھ کے دیگر شہروں میں بھی سمارٹ لاک ڈاﺅن لاگو کردیا گیا ہے جس کے تحت حیدر آباد ڈویژن کے 6 اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاﺅن آج سے شروع ہو گیا ہے جو 14 روز تک جاری رہے گا۔ ضلع نواب شاہ کی 2 تحصیلوں میں بھی آج سے 14 روز کیلئے لاک ڈاﺅن لاگو کردیا گیا ہے جبکہ لاڑکانہ کی دو تحصیلوں میں سمارٹ لاک ڈاﺅن کل سے کیا جائے گا۔
دوسری طرف پنجاب کے شہر سیالکوٹ کے مزید 9 علاقے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے پیش نظر سیل کر دئیے گئے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں بھی سمارٹ لاک ڈاﺅن جاری ہے۔