سعودی وزارتِ انصاف کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سزاؤں کا اعلان
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی وزارتِ انصاف کی جانب سے 21 جون کو لاک ڈاؤن اور کرفیو کے مکمل خاتمے کے ایس او پیز کو واضح کیا گیا ہے، اجتماعات پر پابندی کے علاوہ دفاتر میں مصافحہ کرنے اور ماسک نہ پہننے پر سزائیں مقرر کی گئی ہیں.
وزارت نے اتوار 21 جون سے تمام سرکاری و نجی دفاتر کی مکمل بحالی کی صورت میں کورونا سے بچاؤ کے لئے مقررہ حفاظتی اقدامات کے ایس او پیز کو واضح کیا ہے کہ اجتماعات اور تقریبات کا انعقاد منع ہے جس کی خلاف ورزی پر دسویں گریڈ اور اس سے کم درجے کے ملازمین کی کم از کم ایک ماہ کی تنخواہ کاٹی جائے گی، گیارہویں گریڈ یا اس سے اوپر گریڈ کے ملازمین کو سالانہ الاؤنس سے محروم کردیا جائے گا.
ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دفاتر میں مصافحے پر کم از کم 5 دن کی تنخواہ کی کٹوتی کی سزا ہوگی، یہ سزا دسویں یا اس سے کم گریڈ یا اس جیسے گریڈ کے ملازمین کے لیے مقرر کی گئی ہے، اگر کسی ملازم نے درجہ حرارت چیک کرانے سے انکار کیا تو کم از کم 15 دن کی تنخواہ کاٹی جائے گی، یہ سزا دسویں یا اس سے کم درجے یا اس جیسے گریڈ کے ملازمین کے لئے ہوگی، اگر یہ خلاف ورزی گیارہویں یا اس سے اوپر یا اس جیسے گریڈ کے کسی ملازم نے کی تو اسے سالانہ الاؤنس سے محروم کردیا جائے گا۔