شعیب ملک کو ثانیہ اور بیٹے سے ملنے کی اجازت مل گئی، کتنے ماہ بعد ملیں گے؟
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ سے قبل اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا اور بیٹے اذہان سے ملنے کی اجازت دے دی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ شعیب ملک پاکستان کرکٹ ٹیم کےساتھ انگلینڈنہیں جائیں گے، وہ گزشتہ 5 ماہ سے اہلخانہ سے مل نہیں پائے اس لیے وہ اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد 24 جولائی کوانگلینڈمیں قومی ٹیم کوجوائن کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کے سبب بین الاقوامی سفری پابندیوں کے پیش نظر قومی کرکٹر کی اہلیہ ثانیہ مرزا اور ان کے بیٹے ازہان مرزا ملک بھارت جبکہ شعیب ملک سیالکوٹ میں مقیم ہیں جب کہ پابندیوں سے پہلے وہ پی ایس ایل 2020 میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے میں مصروف تھے۔20 فروری کو شروع ہونے والے اس ایونٹ کو 17 مارچ کو وبا کی وجہ سے ختم کردیا گیا تھا۔
وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی، نے لاہور میں جاری ایک بیان میں کہنا ہے کہ ہمارے برعکس شعیب ملک اپنی پیشگی مصروفیات اور کرونا وائرس کے سبب سفری پابندیوں کے پیش نظر گزشتہ پانچ ماہ سے اپنے اہل خانہ کو نہیں دیکھ سکے۔ ’چونکہ سفری پابندیوں میں آہستہ آہستہ نرمی واقع ہو رہی ہے جس سے اس خاندان کے دوبارہ یکجا ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے، لہٰذا مناسب ہے کہ ہم اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے انسانی بنیادوں پر ہمدردی کا مظاہرہ کریں اور شعیب ملک کی درخواست کا احترام کریں۔‘
وسیم خان نے کہا کہ انہوں نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہے اور وہ صورت حال کو سمجھتے ہیں، اس حوالے سےانہوں نے شعیب ملک کو 24 جولائی کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں کہا کہ بلاشبہ شعیب ملک سکواڈ کو جوائن کرنے سے قبل ملک میں داخلے سے متعلق برطانوی حکومت کی پالیسیوں پر عمل کریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم ڈربی شائر روانگی سے قبل 28 جون کو مانچسٹرکے لیے روانہ ہوگی۔ قومی ٹیم ڈربی شائر میں 14 روز تک قرنطینہ میں وقت گزارے گی، اس دوران ٹیم کو ٹریننگ اور پریکٹس کرنے کی اجازت ہوگی۔
ٹریننگ اور پریکٹس کے علاوہ پریکٹس میچوں کی کمی کی تلافی کے لیے چند انٹرا سکواڈ میچز کا انعقاد بھی کیا جائے گا کیونکہ ای سی بی کے ڈومیسٹک سیزن کا آغاز نہ ہونے کے سبب پاکستان کرکٹ ٹیم کو پریکٹس میچز کھیلنے کے لیے مقامی ٹیمیں دستیاب نہیں ہیں۔