بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا: وزیر خزانہ خیبر پختونخوا
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبر پختون خوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پیش کیے گئے صوبائی بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے۔
پشاور میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ خیبر پختون خوا تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ بجٹ میں صحت کے شعبے کے لیے 124 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تعلیم کے لیے 207 ارب روپے رکھے گئے ہیں، مشکل حالات میں متوازن بجٹ پیش کیا، جس میں 24 ارب روپے کورونا ایمرجنسی فنڈز کے لیے رکھے گئے ہیں۔
خیبر پختون خوا کے وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، 30 سال سے اب تک وفاق سے صوبے کو ادائیگیوں کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا ہے۔انہوں نے کہا کہ قرضہ لینا بہت ضروری تھا، ایسے حالات میں بجٹ پیش کیا گیا جب کورونا وائرس کی وبا سے معاشی صورتِ حال متاثر ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ ٹیکسز کی شرح نہیں بڑھائی ہے، ترقیاتی کاموں کے لیے 318 ارب روپے بجٹ میں مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام علاقائی زبانوں میں بجٹ کی کاپیاں بنا رہے ہیں، پن بجلی کے خالص منافع کے بقایاجات کی ادائیگی حل طلب ہے۔
خیبر پختون خوا کے وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکسز، تیل و گیس کی رائلٹی اور اضلاع سے ملنے والی رقوم سے صوبہ چلتا ہے، تینوں میں سے کسی ایک شعبے کی جانب سے کمی ہو تو صوبے کے مجموعی محاصل متاثر ہوتے ہیں۔تیمور سلیم جھگڑا نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پن بجلی کے خالص منافع کے بقایا جات کی ادائیگی بھی متاثر ہوئی ہے۔