”میں ہمیشہ ایک اچھا لڑکا رہا ہوں اور سینئرز کی عزت کرتا ہوں“ احمد شہزاد بھی دل کا حال بیان کرنے میدان میں آ گئے

”میں ہمیشہ ایک اچھا لڑکا رہا ہوں اور سینئرز کی عزت کرتا ہوں“ احمد شہزاد بھی ...
”میں ہمیشہ ایک اچھا لڑکا رہا ہوں اور سینئرز کی عزت کرتا ہوں“ احمد شہزاد بھی دل کا حال بیان کرنے میدان میں آ گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد نے کہا ہے کہ میں ہمیشہ ایک اچھا لڑکا رہا ہوں اور سینئرز کی عزت کرتا ہوں لیکن جب کارکردگی تھی تو کہا جاتا تھا کہ سنجیدہ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے احمد شہزاد نے کہا کہ میں کیریئر میں ہمیشہ اچھا لڑکا بن کر رہا، سینئرز کی عزت بھی کرتا رہا، کبھی سیاست نہیں کی اور صرف کرکٹ کھیلی، میں بہت چھوٹی عمر میں کرکٹ میں آ گیا تھا، بچپن کی چھوٹی غلطیاں، شرارتیں اور عام سی باتیں تھیں، ان کو بڑھا چڑھاکر تنازعات کا رنگ دیا گیا جبکہ کئی لوگوں نے تو بہت کچھ کیا لیکن میری تو بہت معمولی نوعیت کی باتیں تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ تو کچھ نہ کچھ کہتے رہتے ہیں، آپ کسی کو کنٹرول نہیں کر سکتے، اس کے باوجود یہ کہوں گا کہ فیصلے اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہیں، ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ ملک کیلئے پرفارم کروں، 72ون ڈے میچز میں کارکردگی اچھی تھی لیکن اس وقت کہا جاتا رہا کہ احمد شہزاد اپنی کرکٹ میں سنجیدہ نہیں، ٹیم سے باہر ہوا تو سخت محنت کی اور گزشتہ 2 سال کیریئر میں سب سے زیادہ ٹریننگ کی لیکن سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کم بیک کا موقع ملا تو اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا، ہوم گراﺅنڈ اور میڈیا کا پریشر بھی تھا اور مہمان ٹیم بھی اچھا کھیلی تاہم گرین شرٹس بھی ناکامیوں سے دوچار ہوئے، میری محنت کا صلہ نہیں مل سکا،میں صرف کوشش کر سکتا ہوں، جب اللہ کو منظور ہوا تو موقع بھی ملے گا۔
احمد شہزاد نے کہا کہ ابھی میری کرکٹ باقی ہے اس لئے منفی سوچ کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنا پڑتا ہے،میں کم بیک کیلئے پرامید اور پاکستان کیلئے کچھ کر دکھانے کو بے تاب ہوں۔ کیریئر کا آغاز تقریباً ایک ساتھ ہونے پر ویرات کوہلی کے بہت آگے نکل جانے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میرا تو کیا آج کے کسی کرکٹر کا بھی بھارتی کپتان کے ساتھ موازنہ نہیں بنتا، فٹنس اور کارکردگی میں کوئی ان کے جوڑ کا نہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں اوپننگ بلے باز کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے بہت تھوڑے وقت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، کسی پاکستانی کا نام دنیا بھر میں گونجے تو بڑی خوشی ہوتی ہے، امید ہے کہ بیٹنگ کے ساتھ قیادت میں بھی وہ کامیابیوں کا سفر جاری رکھنے میں کامیاب ہونگے۔

مزید :

کھیل -