ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف دفعہ 144 نافذ
لاہور (خبر نگار) ہوم ڈیپارٹمنٹ نے ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف دفعہ 144کا نفاذ کردیا ہے جس کا اطلاق اگلے دو ماہ تک رہے گا۔ یوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ پرائمری ہیلتھ کی سفارشات پر دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے جس میں کورونا وبا میں مبتلا مریضوں کو مہنگے داموں انجکشن ،آکسیجن،سلنڈر،ریگولیٹر اور آکسی میٹر سمیت دیگر تمام میڈیسن اور روز مرہ کی اشیاء کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے دفعہ 144کا نفاذ کیا گیا ہے اور اس میں ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو سپیشل مجسٹریٹس کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ جس میں سپیشل مجسٹریٹس کو ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف دفعہ 144کے تحت مقدمات درج کرنے کے اختیارات ہونگے۔اور ایسے دھندے میں ملوث افراد کو موقع پر گرفتار کر کے جیلوں میں بھجوانے کے اختیارات ہونگے۔ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں دفعہ144 کا نفاذ کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق اگلے دو ماہ تک جاری رہے گا۔