60 ہزار شہد کی مکھیاں اپنے منہ پر بٹھانے والے شخص کی حیران کن کہانی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) کتوں، بلیوں اور دیگر جانوروں سے انسانوں کا پیار تو آپ نے دیکھ سن رکھا ہو گا لیکن یہ جان کر آپ کی حیرت کی انتہاءنہ رہے گی کہ بھارت میں ایک نوجوان سے شہد کی مکھیاں اس قدر پیار کرتی ہیں کہ بچپن سے اس پر گویا چھتہ ہی بنا کر رہ رہی ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق شہد کے مکھیوں کے ساتھ اس انوکھی محبت کی وجہ سے اس 24سالہ نوجوان کا نام ہی ’نیچر ایم ایس‘ پڑ گیا ہے۔ بچپن ہی سے شہد کی ہزاروں مکھیاں اس پر آ کر بیٹھ جاتی ہیں اور اس کا پورا منہ ڈھانپ لیتی ہیں اور مجال ہے کہ کبھی ایک بار بھی کسی مکھی نے اسے کاٹا ہو۔
کیرالا کے رہائشی نیچر ایم ایس کا کہنا ہے کہ 7سال کی عمر سے مکھیاں میرے اوپر آ کر بیٹھ رہی ہیں۔ وہ مجھے اپنا بہترین دوست سمجھتی ہیں۔ دیگر انسانوں کی طرح وہ مجھے اپنے لیے خطرہ نہیں سمجھتیں۔ بچپن میں مکھیاں چہرے پر بٹھا کر میں اپنے دوستوں کو متاثر کیا کرتا تھا اور اب اسی وجہ سے مجھے بین الاقوامی شہرت مل گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نیچر ایم ایس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی شامل ہے۔ اس نے چہرے اور سر کو طویل وقت کے لیے مکھیوں سے ڈھانپنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس ریکارڈ میں مسلسل 4گھنٹے 10منٹ اور 5سیکنڈ 60ہزار مکھیوں نے اس کا سر اور چہرہ مکمل ڈھانپے رکھا۔
نیچر ایم ایس کا کہنا ہے کہ ”پہلی بار میرے جسم پر مکھیاں بیٹھنے کا واقعہ یوں پیش آیا کہ میں نے ایک ملکہ مکھی کو پکڑ کر اپنے ہاتھ پر بٹھا لیا۔ چند لمحوں بعد مجھے مکھیوں کی بھنبھناہٹ سنائی دینے لگی اور اگلے تین منٹ بعد میرا پورا ہاتھ مکھیوں میں غائب ہو چکا تھا۔ وہ اپنی ملکہ کی تلاش میں آئیں اورا س کی حفاظت کے لیے میرے ہاتھ پر بیٹھ گئیں۔ اگلے دن میں نے یہ ٹرک دوبارہ استعمال کی لیکن اب کی بار میں نے ملکہ مکھی کو اپنے سر پر بٹھا لیا۔ 15منٹ بعد میرا سر اور چہرہ مکھیوں سے ڈھک چکا تھا۔ یہ سٹنٹ کرنے میں میرے باپ کی نصیحت میرے بہت کام آئی۔ میرے باپ نے ہمیشہ مجھے نصیحت کی کہ مکھیوں سے ڈرنا نہیں، ان سے ایسا برتاﺅ کرنا ہے جیسے وہ تمہاری دوست ہوں۔ جب وہ تمہارے اوپر آ کر بیٹھ جائیں تو بالکل بھی گھبرانا یا خوفزدہ نہیں ہونا۔ ابتداءمیں یہ میرے لیے بہت مشکل کام تھا لیکن اب یہ میرے لیے کوئی مسئلہ نہیں رہا۔“