باپ کی خواہش پوری کرنے کے لیے جوان نے مجسمے کو اپنی دلہن بنا لیا
الہٰ آباد(ویب ڈیسک) بھارت میں ایک شخص نے اپنے باپ کی خواہش کو پورا کرتے ہوئے لکڑی سے بنے ہوئے مجسمے سے شادی کرلی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش میں شادی کی ایک انوکھی تقریب ہوئی جس میں دلہا تو ایک نوجوان تھا لیکن دلہن ایک لکڑی کے مجسمے کو بنایا گیا تھا۔ شادی کا منڈپ سجایا گیا۔ شہنائیاں بجیں اور خواتین نے ڈھول کی تھاپ پر نغمے گائے۔
دلہا اور لکڑی کی دلہن نے سات پھیرے لیے اور تمام رسومات ادا کیں۔ دلہا نے میڈیا کو بتایا کہ میں نے جیتی جاگتی دلہن سے شادی کرنے کے بجائے بے جان لکڑی کے مجسمے سے شادی اپنے والد کی خواہش پر کی ہے۔
دلہا کے 90 سالہ والد نے میڈیا کو بتایا کہ میرے 9 بیٹے ہیں جن میں سے آٹھ کی شادی ہوگئی ہے یہ میرا آٹھواں بیٹا ہے لیکن نہ تو اس کے پاس پیسے ہیں اور نہ دماغ، اس لیے میں نے کسی کی زندگی خراب کرنے کے بجائے لکڑی کے مجسمے سے شادی کرادی۔ میں اپنی زندگی میں سارے بیٹوں کی شادی ہوتا دیکھنا چاہتا تھا۔