چین نے نیپال کو ساتھ ملا لیا اور بنگلہ دیش کو سب سے شاندار پیشکش کردی، بھارت خطے میں تنہا ہوگیا، چاروں طرف سے گِھر گیا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے ساتھ تبت کے علاقے میں جھڑپ کے بعد چین نے نیپال کو اپنے ساتھ ملا لیا اور بنگلہ دیش کو بھی شاندار پیشکش کر کے بھارت کو خطے میں تنہا کر دیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارت کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی بڑھنے کے بعد سے چین بنگلہ دیش کو لبھانے میں بہت تیزی دکھا رہا ہے، جو کہ نہ صرف بھارت کا ہمسایہ بلکہ مضبوط اتحادی بھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دوسری طرف چین کے اشارے پر نیپال نے بھی اپنے نقشے میں تبدیلی کرکے کئی بھارتی علاقوں کو اپنے ملک میں شامل کر لیا ہے۔ ایسے میں جب بھارت کئی طرح کے اقدامات کے ذریعے اپنے فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کی تیاری کر رہا ہے، جن میں چین کو معاشی نقصان پہنچانا بھی شامل ہے، چین کی طرف سے بنگلہ دیش کو اس کی 5ہزار 161درآمدی مصنوعات پر ٹیرف میں 97فیصد کمی کی پیشکش کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش نے چین سے ٹیرف میں کمی کی درخواست کر رکھی تھی جس میں بنیاد اس بات کو بنایا گیا تھا کہ بنگلہ دیش ایک ترقی پذیر ملک ہے چنانچہ اس کے لیے ٹیرف کم ہونا چاہیے تاہم چین نے گیلوان وادی میں ہونے والی جھڑپ کے اگلے روز بنگلہ دیش کی یہ درخواست منظور کر لی اور اس کی 5ہزار سے زائد مصنوعات پر ٹیرف میں 97فیصد تک کمی کی پیشکش کر دی۔
بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ چین کی طرف سے بنگلہ دیشی مصنوعات کے ٹیرف میں جو کمی کی ہے اس پر یکم جولائی سے عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ ایشیاءپیسیفک ٹریڈ معاہدے کے تحت بنگلہ دیش پہلے ہی 3ہزار 95مصنوعات بغیر ٹیرف کے چین کو برآمد کر رہا ہے۔ چین کے اس نئے اقدام سے اس کی بغیر ٹیرف مصنوعات کی تعداد 8ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔