”یونس خان سنجیدہ مزاج ہیں اور وہ کسی بھی وقت غصے میں آ سکتے ہیں جس کی وجہ سے۔۔۔“ رمیز راجہ نے دورہ انگلینڈ سے پہلے ہی سب کو خبردار کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کھلاڑی اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجہ نے غصے اور ”موڈ سوئنگ“ کو یونس خان کے نئے کیرئیر کیلئے خطرہ قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کیلئے یونس خان کو بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے تاہم سابق اوپننگ بیٹسمین رمیز راجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یونس چونکہ سنجیدہ مزاج کے انسان ہیں اس لئے کسی بھی وقت غصے میں آ سکتے ہیں، ان کا موڈ ہر پل بدلتا رہتا ہے اس لئے یہ خطرہ ہمیشہ موجود رہے گا کہ انہیں کیا بات ناگوار گزرے اور وہ ذمہ داری چھوڑ کر چلتے بنیں۔
رمیز راجہ نے کہا کہ کوچنگ دراصل مین مینجمنٹ کا نام ہے اور آپ کو بہت زیادہ صبروتحمل کی ضرورت ہوتی ہے، اگر آپ اپنے غصے کو کنٹرول نہیں کرسکتے تو پھرکامیاب کوچ نہیں بن سکتے، نئی ذمہ داری میں چیزیں ایک حد تک یونس کے کنٹرول میں ہوں گی، اگر انہیں وہ تمام اختیار نہ بھی ملیں جو وہ چاہتے ہیں تب بھی اپنے نئے کردار سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔
رمیز راجہ نے مزید کہا کہ کوچنگ سیٹ اپ میں یونس خان کی موجودگی بہرحال نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہت ہی فائدہ مند ہے کیونکہ وہ ان کیلئے بہترین کرکٹنگ ماحول بنا سکتے ہیں، بیٹسمین ان سے سپن باﺅلنگ کو کھیلنے کا فن اور وکٹوں کے درمیان تیزی سے رننگ سیکھ سکتے ہیں، وہ فیلڈنگ ڈیپارٹمنٹ میں بھی بہت اہم کردار ادا کریں گے، مجموعی طور پر کھلاڑیوں کے پاس ان سے بہت کچھ سیکھنے کا سنہری موقع موجود ہوگا۔