میرج ہال میں شادی، پولیس نے چھاپہ مارا تو دولہا دلہن کو لے کر فرار ہوگیا
فیصل آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صنعتی شہر فیصل آبادکے ایک میرج ہال میں شادی کی تقریب منعقد کرائی گئی جس پر پولیس نے چھاپہ مارا تو دولہا دلہن کو لے کر پچھلے دروازے سے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی ہال کے ایک منیجر نے شادی کی تقریب منعقد کرنے کی اجازت دی ۔ جس پر پولیس نے ہال پر چھاپہ مار کر دولہا اور دلہن کے رشتہ داروں اور منیجر سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے افراد کے کورونا کے ٹیسٹ بھی کرائے گئے ہیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے باراتیوں کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد صورتحال واضح ہوجائے گی۔
دوسری جانب جب پولیس نے چھاپہ مارا تو ہڑبڑی کا فائدہ اٹھا کر دولہا دلہن کو لے کر پچھلے دروازے سے فرار ہوگیا۔ اسی دروازے سے دولہہا کے والد اور بھائی بھی فرار ہوئے ، پولیس نے گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے۔