سابق وزیر قانون فروغ نسیم نے جعلی ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے حوالے سے بڑا قدم اٹھا لیا

سابق وزیر قانون فروغ نسیم نے جعلی ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے حوالے سے بڑا قدم اٹھا لیا
سابق وزیر قانون فروغ نسیم نے جعلی ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے حوالے سے بڑا قدم اٹھا لیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر قانون فروغ نسیم نے جعلی ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے حوالے سے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سے مدد مانگ لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بیرسٹر فروغ نسیم نے (ایف آئی اے) سائبر کرائم ونگ کو خط ارسال کیا جس کے متن میں بتایا کہ ان کے نام سے ٹوئٹر پر کسی نے جعلی اکاؤنٹ بنایا ہوا ہے جس کے 17 ہزار کے قریب فالوورز ہیں اور اس اکاؤنٹ سے توہین آمیز مواد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کیا جاتا ہے۔

سابق وفاقی وزیر قانون نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے نام سے جعلی اکاؤنٹ چلانے والے فرد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے‘۔ سابق وفاقی وزیر نے خط کے ساتھ جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ کے سکرین شاٹس بھی ایف آئی اے کو فراہم کئے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر پر دنیا بھر کی معروف شخصیات کے ناموں سے جعلی اکاؤنٹ بنائے جاتے ہیں، پاکستان کی نمائندہ شخصیات کے بھی جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ موجود ہیں، متعدد پاکستانی سیاست دانوں، معروف شخصیات اور افسران کے بنائے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے نامناسب ٹویٹس شیئر کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا وقار مجروح ہوتا ہے۔

حال ہی میں نامور مزاح نگار انور مقصود نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنا ٹویٹر اکاؤنٹ بنایا اور صارفین سے اپیل کی تھی کہ وہ جعلی اکاؤنٹس کو فوری طور پر رپورٹ کریں کیونکہ ان کا یہ واحد اصلی اکاﺅنٹ ہے جس کے بارے میں وہ مداحوں کو آگاہ کر رہے ہیں۔

مزید :

قومی -