بنگال ٹائیگرز پر بھی کورونا نے وار کر دیا، اہم ترین کھلاڑی وائرس کا شکار ہو گیا
ڈھاکہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کی تصدیق ان کے بڑے بھائی مرسلین بن مرتضیٰ نے بھی کرد ی ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیشی آل راؤنڈر مشرفی مرتضیٰ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کے بڑے بھائی مرسلین بن مرتضیٰ نے کورونا رپورٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔ مرسلین کا کہنا ہے کہ ”مشرفی مرتضیٰ کی گزشتہ چند دنوں سے طبیعت خراب تھی جس کے باعث انہوں نے کورونا ٹیسٹ کرایا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے اور اس کے بعد بھائی نے گھر میں ازخود قرنطینہ اختیار کر لیا ہے۔“
واضح رہے کہ مشرفی مرتضیٰ نے تینوں فارمیٹس میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کی ہے اور اب تک وہ اپنے کیریئر کے دوران 36 ٹیسٹ ، 220 ون ڈے اور 54 ٹی 20 میچز میں کھیل چکے ہیں۔ علاوہ ازیں بنگلہ دیش کے سابق کرکٹر اور ون ڈے ٹیم کے کپتان تمیم اقبال کے بڑے بھائی نفیس اقبال بھی کووڈ 19 میں مبتلا ہوئے جس کے باعث وہ چٹاگانگ میں اپنے گھر میں قرنطینہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں سابق سٹار کرکٹر شاہد خان آفریدی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے جس پر انہوں نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی تھی تاہم چند روز قبل انہوں نے مداحوں کیلئے جاری اپنے پیغام میں کہا تھا کہ وائرس کا شکار ہونے کے بعد پہلے دو سے تین روز کافی مشکل تھے لیکن اب طبیعت کافی بہتر ہے۔