’حکومتی پالیسیوں پر عوامی اعتماد بڑھتا جا رہا ہے‘تحریک انصاف کے رہنما نے حیران کن دعویٰ کردیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)نارکوٹیکس کنٹرول کمیٹی پنجاب کے چیف آرگنائزر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما چوہدری فواد رسول بھلر نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کے بر عکس پی ٹی آئی کے دور حکومت میں قومی وسائل عوام پراستعمال ہو رہے ہیں ، میرٹ اور شفافیت پی ٹی آئی حکومت کا منشور ہے، عوام دوست حکومتی پالیسیوں اور اصلاحات کی وجہ سے حکومت پر عوامی اعتماد بڑھتا جا رہا ہے۔
لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری فواد رسول بھلر نے کہا کہ بنیادی سہولیات کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ، بد قسمتی سے سابقہ ادوار میں ملک کو ترقی کے دھانے پر لانے کیلئے کو ئی توجہ نہیں دی گئی ، ماضی میں صحت ، تعلیم ، زراعت و مواصلات، سیاحت ، جنگلات و ماحولیات جو عوام کیلئے انتہائی اہم شعبے ہیں کی ترقی و فروغ کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے تاہم موجودہ حکومت نے عوامی مسائل کے حل کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی مرتب کی ہے اور صوبے کے مختلف سکولوں ، ہسپتالوں و دیگر فلاحی اداروں اور شعبوں کو عصر حاضر کی تمام جدید سہولیات فراہم کرنے کو ترجیح دے رہی ہے اور عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی غرض سے حتی المقدور کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام عالم میں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کا وقار بلند کیا ہے اور پاکستانیوں کی عزت میں اضافہ ہوا ہے،امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنا اور سینہ تان کر پاکستانی اڈے دینے سے انکار کرنے کی جرات پاکستانی تاریخ میں کسی وزیراعظم کے حصے میں نہیں آئی،پاکستانیوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ امریکہ کو پاکستان سے ’انکار‘ سننے کی عادت نہیں ہے لیکن عمران خان کے’ انکار‘کے بعد امریکہ آگ بگولہ ہے لیکن قوم کو یقین رکھنا چاہئے کہ عمران خان دنیا بھر میں پاکستانیوں کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دے گا ۔