ن لیگی سابق رکن اسمبلی انجم عقیل خان کی تبدیلی سرکار پر کڑی تنقید ، ایسی بات کہہ دی کہ فواد چوہدری بھی تلملا اٹھیں

ن لیگی سابق رکن اسمبلی انجم عقیل خان کی تبدیلی سرکار پر کڑی تنقید ، ایسی بات ...
ن لیگی سابق رکن اسمبلی انجم عقیل خان کی تبدیلی سرکار پر کڑی تنقید ، ایسی بات کہہ دی کہ فواد چوہدری بھی تلملا اٹھیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے کہاہے کہ مہنگائی،غربت اور بے روزگاری کاموجب بننے والی تبدیلی سرکار عوام کا اعتماد کھوچکی ہے، تاریخ کی ایک نااہل ترین حکومت ہے،بجٹ ابھی منظور ہی نہیں ہوا بلکہ بجٹ پر بحث کے دوران ہی پٹرول اور آٹا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا،حکومت اپنی نااہلی اور بدترین گڈگورننس کو چھپانے کیلئے مہنگائی ،بے روزگاری اور غربت کا ذمہ دار آئی ایم ایف کو ٹھہرا رہی ہے۔

آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر پارلیمانی نگرانی کو کیوں نظر انداز کیاگیا، 90دن میں نیا پاکستان بنانےوالوں کو1000دنوں سے زیادہ عرصہ ہوگیاہے ،کہاں ہے نیاپاکستان ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران نیازی نے ابھی تک قوم سے کیا ہوا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا،ایک کروڑنوکریاں دینے کاوعدہ کیا مگر اڑھائی کروڑ نوجوان بے روزگارہوگئے،مہنگائی دن بدن بڑھ رہی ہے, یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنانے کی قسم کھا رکھی ہے،، عوام اپنے حقوق کیلئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ساتھ مل کرسابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی قیادت میں جدوجہد کریں۔

انجم عقیل خان نےکہاکہ ریاست مدینہ کے دعویدار حکمران پارلیمنٹ میں حالات سازگاربنانے کی بجائے خراب کرنے پر تلی ہوئی ہے، ماحول سازگار بنانا سب کو ساتھ لیکرچلنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے ،قومی اسمبلی میں ہونے والی گالم گلوچ کے اثرات بلوچستان اسمبلی تک پہنچ چکے ہیں،اس رویے سے جمہوری اقدار کو نقصان پہنچ رہاہے ، پوری دنیا میں پاکستان کامذاق اڑایاجارہاہے، قومی اسمبلی و بلوچستان اسمبلی کی موجودہ صورتحال اور حکومتی رویہ قابل مذمت ہے،اپوزیشن ایسے ہتھکنڈوں کا جراتمندی کے ساتھ مقابلہ کرےگی۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک و قوم کو وہ نقصان پہنچایا ہے جو آمریت کے ادوار میں بھی نہیں پہنچا،تحریک انصاف کے نظریاتی کارکن بھی اپنی قیادت سے نالاں ہیں اورفیصلوں پر عدم اطمینان کا اظہار کررہاہے ،یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی میں دراڑیں واضح ہوگئی ہیں،حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے،ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کرنے والے موجودہ نالائق حکمرانوں کوقوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔