سندھ کے بعد راولپنڈی میں بھی آوارہ کتوں کا راج ، ایک ماہ میں کتنے شہریوں کو کاٹ لیا ؟جان کر ہی ماتھے پر پسینہ آ جائے
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )سندھ میں کتوں کے کاٹنے کی خبریں ابھی تھمی نہیں ہیں کہ پنجاب کے بڑے اور گنجان آباد شہر راولپنڈی میں بھی کتوں کے کاٹنے کے سینکڑوں واقعات رپورٹ ہونے لگے ہیں، راولپنڈی میں آوارہ کتوں نے ایک ماہ کے دوران 400 سے زائد شہریوں کو کاٹ لیا۔
نجی ٹی وی کےمطابق راولپنڈی میں سڑکوں پرمٹر گشت کرتےآوارہ کتےشہریوں کےلیےوبال جان بنےہوئے ہیں، شہر کی شاید ہی کوئی گلی یا سڑک ایسی ہو جہاں یہ خطرناک کتے موجود نا ہوں، بچے اور بڑے سب ہی ان کے نشانے پر ہیں۔ آوارہ کتوں کی بھرمار سے شہری بچوں کو سکول بھیجتے ہوئے بھی خوف محسوس کرنے لگے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ آوارہ کتوں کے خلاف کوئی اقدام نہیں اٹھارہی۔
فوکل پرسن وبائی امراض ڈاکٹر عنایت کے مطابق صرف گزشتہ ایک مہینے میں آوارہ کتوں نے راولپنڈی میں 400 سے زائد افراد کو کاٹ کر زخمی کیا۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے اگر کتے کے کاٹے کا فوری علاج نا کیا جائے تو جان کو بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔