حکومت امریکہ سے ہونے والے معاہدے قومی اسمبلی میں پیش کرے ،سراج الحق کا مطالبہ

 حکومت امریکہ سے ہونے والے معاہدے قومی اسمبلی میں پیش کرے ،سراج الحق کا ...
 حکومت امریکہ سے ہونے والے معاہدے قومی اسمبلی میں پیش کرے ،سراج الحق کا مطالبہ

  

فیصل آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے حکومت امریکہ سے ہونے والے معاہدے قومی اسمبلی میں پیش کرے،وزیر اعظم کا اڈے نہ دینے کا اعلان بجا ہے،کرپشن کے ایک درجن نئے میگا سکینڈلزکاتعلق حکومت کیساتھ ہے،تحریک انصاف(پی ٹی آئی)مہنگائی،بے روزگاری اور کرپشن کا سونامی لائی،نیب کا ادارہ نا کام اور خود قابل احتساب ہے،احتساب کے نام پر ڈرامہ اب انتقام میں بدل چکا ہے،حکومت میں کرپٹ مافیا موجیں کر رہا ہے،اپوزیشن کو دبانے کے لیے نیب کا استعمال کیا جا رہا ہے،نیب کو اپنا غیر جانبدارانہ کردار ثابت کرنا چاہئے،حکومت نے گزشتہ تین سالوں میں عوام کو مسلسل دھوکہ دیا اور کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا،بجٹ کی منظوری سے پہلے ہی حکومت قیمتیں بڑھانے کے حوالے سے چھ یوٹرن لے چکی،دنیا بھر میں مسلمانوں کو تقسیم کر کے نشانہ بنایا جا رہا ہے،ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے،علما ئے کرام کو کردار ادا کرنا ہوگا،مسلمانوں کو آپس میں اختلافات ختم کرکےاتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے،ایسا پاکستان چاہتےہیں جہاں خواتین کی عزت اوران کا مستقبل محفوظ ہو،مغرب کے ایجنڈے پر کام کرنے والے ادارے انسانیت اور خاندانی نظام تباہ کرنا چاہتے ہیں،خواتین کو وراثت میں ان کا حق دیا جائے اور الیکشن کمیشن ایسے مرد کو الیکشن میں حصہ نہ لینے دے جو اپنی بہن کو وراثت میں حق نہ دے۔

 فیصل آباد میں علماءکنونشن،خواتین کے اجتماع اور ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےسراج الحق نے وزیراعظم کی طرف سے امریکہ کواڈے نہ دینے کے اعلان کے بعدامریکہ سے ہونے والے تمام معاہدوں کوپارلیمنٹ میں لانے اورقوم کوآگاہ کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو شبہ ہے کہ اگرحکومت نئے معاہدے نہیں کررہی توپرانے معاہدوں کی تجدیدکررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کے الیکشن سے متعلق بنائے گئے قوانین ناقابل قبول ہیں، اپوزیشن اور حکومت مشترکہ طور پر شفاف الیکشن کا لائحہ عمل بنائیں،ن لیگ، پی پی اور پی ٹی آئی کا ایجنڈا عالمی مالیاتی اداروں کا ایجنڈا ہے،آئی ایم ایف کی شرائط پر بنایا گیا بجٹ پیش کیا گیا،موجودہ حکومت نے عوام کو دھوکا دیا، کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔

 سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے احتساب کے نام پر ڈرامہ کیا جو انتقام میں بدل چکا ہے،یہ کیسا احتساب ہے جو حکومت میں ہے اس کا احتساب نہیں ہوتا، اپوزیشن کو دبانے کے لیے نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے ۔ نیب کو چینی، ادویات اور آٹے کےسکینڈل پر بھی نوٹس لینا چاہیے۔امیر جماعت نے کہا کہ پاکستان مزید کسی کی جنگ لڑنے کا متحمل نہیں ہو سکتا،اڈے نہ دینے کا وزیر اعظم کا بیان بجا ہے۔ ہمارے ملک کے 70ہزار لوگ پہلے ہی کسی کی جنگ کا ایندھن بن چکے ہیں۔امریکہ سے ہونے والے تمام معاہدوں کو قوم کے سامنے لانا چائیے 

 سراج الحق کہاکہ اسلام خواتین کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے،ملک میں اسلام کے نفاذ کے لیے خواتین کو بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا،جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے۔

مزید :

قومی -