مون سو ن بارشیں، ژالہ باری، چھتیں گرنے کے واقعات، ماں بیٹی سمیت 3خواتین جاں بحق

مون سو ن بارشیں، ژالہ باری، چھتیں گرنے کے واقعات، ماں بیٹی سمیت 3خواتین جاں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


     لاہور،اسلام آباد،کوئٹہ،کوہاٹ(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)پاکستان اور آزاد کشمیر میں پری مون سون کا سلسلہ جاری،ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش ہوئی، کروڑ لعل عیسن کروڑ میں چھت گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق ہو گئیں، کوہاٹ ڈویژن کے اکثر علاقوں میں شدید طوفانی بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچا دی، کرم اور کرک اضلاع میں کئی مکانات اور دیواریں گرنے کی اطلاعات ہیں، ضلع ہنگوکے علاقہ محمدخواجہ میں اورکزئی متاثرین کیلئے کیمپ میں واقع ایک خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے ماموں زئی قبیلے کی ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔رحیم یار خان، حاصل پور، بہاولپور اور کروڑ لعل عیسن میں موسلا دھار بارش ہوئی، راولپنڈی اسلام آباد میں وقفے وقفے سے تیز بارش اور ژالہ باری کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا،راولپنڈی کی نشیبی آبادی لالہ زار میں برساتی پانی جمع ہونے سے 4 گاڑیاں ڈوب گئیں،کرک میں بارش اور ژالہ باری ہوئی،سوات میں بھی بادل برسے۔گجرات اور گردو نواح میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بنوں اور مردان میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔سکردو شہر اور گرد ونواح میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے موسم سرد ہوگیا، بارش کے باعث کراچی سے جانے والی پرواز لینڈ نہ کرسکی، دو پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق آج سے بدھ تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وسیع پیمانے پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا. تیز بارشوں کے اس سلسلے کے باعث خیبر پختونحوا،گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے علاوہ ملک کے بیشتر علاقوں میں ندی نالوں،دریاؤں میں طغیانی، اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اس صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ وفاقی، صوبائی وزارتوں، انکے ماتحت متعلقہ اداروں بشمول پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، صوبائی، گلگت بلتستان،سٹیٹ اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سمیت تمام متعلقہ محکموں کو کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بر وقت و پیشگی اقدامات  اٹھانے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے متوقع جانی و مالی نقصان سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج سے بدھ کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، پنجاب، خیبربختونخوا، شمالی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے، اس دوران چند مقامات پر تیز آندھی اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔منگل اور بدھ کے دوران سندھ میں بھی ابر کرم برسے گا، سکھر، لاڑکانہ، کشمور، شکار پور، جیکب آباد، شہید بینظیر آباد، دادو، جامشورو میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق موسلادھار بارش سے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، نوشہرہ، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے جبکہ آندھی اور تیز ہواؤں کے باعث خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان کا اندیشہ ہے۔
 بارش، ژالہ باری 

مزید :

صفحہ اول -