ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں 

 ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک نظام اور نو پارکنگ زونز کا جائزہ لینے کیلئے حیات آباد کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک کی روانی اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے تجاوزات مافیا کے خلاف کی جانیوالی کارروائیوں کے نتیجے میں آنیوالی بہتری کا جائزہ لیا اسی طرح سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کلیئر کرنے پر ٹریفک افسران اور وارڈنز کی کارکردگی کی تعریف کی اور ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک عملہ فٹ پاتھوں کو تجاوزات مافیا سے واگزار کرائیں تاکہ پیدل چلنے والوں کو بھی کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہ برتی جائے۔ چیف ٹریفک آفیسر نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائیں تاکہ شہری سڑک کے کنارے گاڑیاں کھڑی نہ کرے جبکہ مرتکب افراد کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالے شیشوں کا استعمال قانوناً جرم ہے جبکہ اس کا استعمال کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائیگی- چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ بلا تعطل ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کا عملہ شہر بھر میں ٹریفک قوانین اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے آگاہی کا سلسلہ جاری رکھے کیونکہ اس کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری شہر سے تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک عملے کے ساتھ تعاون کرے۔