پیپلز پارٹی کیساتھ اتحاد سے ق لیگ کا شیرازہ بکھر رہا ہے، ایس ایم ظفر

پیپلز پارٹی کیساتھ اتحاد سے ق لیگ کا شیرازہ بکھر رہا ہے، ایس ایم ظفر

اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما ایس ایم ظفر نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں سیاسی جماعتیں اہم نہیں بلکہ امیدوار اہم ہونگے ، پیپلز پارٹی سے سیاسی اتحاد کی وجہ سے (ق) لیگ کا شیرازہ بکھر رہا ہے ، کئی اور لوگ بھی پارٹی سے جائینگے ،الیکشن کمیشن کی انتخابی اصلاحات تقریباً مکمل ہوچکی ہیں جو باقی رہ جائینگی اس کو اگلے الیکشن تک کرلیا جائے گا۔ سپریم کورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں ایس ایم ظفر کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں نے رہنماﺅں پر اتنا کیچڑ اچھالا ہے کہ اب سیاسی جماعتیں اہمیت کھو چکی ہیں جبکہ اب انتخابی نتائج کا انحصار انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں پر ہوگا دیکھنا ہوگا کہ جس کے پاس اچھے سیاسی گھوڑے ہیں وہ یہ ریس جیت جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ (ق) لیگ ملک بھر میں اپنے امیدواروں کے حوالے سے بھی مسائل کا شکار ہے اور یہ بات کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں کس حد تک نشستیں حاصل کرپائے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عوام اچھے لوگوں کا انتخاب کرے اور ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالے۔ الیکشن کمیشن اپنا کام ٹھیک کررہا ہے تاہم اس میں ابھی بھی بہتری کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس گوشواروں ، جعلی ڈگریوں اور دیگر کئی اہم معاملات پر پیش رفت جاری ہے مگر اس میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔

ایس ایم ظفر

مزید : صفحہ آخر