تحریک انصاف کے 23 مارچ کے جلسہ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل
لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے 23 مارچ کو مینار پاکستان میں ہونے والے جلسہ کی تیاریاں آخری مراحلے میں داخل ہوگئی ہیں تحریک انصاف کے 1 لاکھ رضا کار جن کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات سرانجام دے گی۔ لاہور کے جلسہ کی تیاریوں کا اہم ٹاسک لاہور تنظیم کے صدر عبدالعلیم خان کو سونپا گیا ہے۔ جنہوں نے ہر یونین کونسل اور ٹاﺅن کی تنظیم کو الگ الگ ٹاسک دے دیئے ہیں گزشتہ روز جلسہ کی تیاریوں کے حوالے سے دن بھر تنظیمی اجلاس جاری رہے۔ جس میں ذمہ داریاں تقسیم کردی گئی ہیں اس سلسلے میں 50 مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جنہیں ان کے فرائض بتا دیئے گئے ہیں آج سے جلسہ میں شرکت کے لئے دعوت دینے کے لئے گھر گھر تبدیلی رضا کار جس میں خواتین کی بھی اکثریت شامل ہے جائیں گے اور جلسہ میں شرکت کی دعوت دیں گے مینار پاکستان میں جلسہ کے لئے سٹیج بنانے کا کام آج سے شروع ہوجائے گا پنڈال میں کم از کم 2 لاکھ کرسیاں لگانے کا فیصلہ کیاگیا ہے جس کے لئے مختلف کنٹریکٹرز سے معاملات طے کرلئے گئے ہیں اس حوالے سے گزشتہ روز لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے پارٹی چیئرمین عمران خان کو جلسہ کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی اور انہیں انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔