اسلامی مملکت میں شہریوں کا بنیادی حق جان و مال کا تحفظ

اسلامی مملکت میں شہریوں کا بنیادی حق جان و مال کا تحفظ
اسلامی مملکت میں شہریوں کا بنیادی حق جان و مال کا تحفظ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

’’حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو شخص ہم پر ہتھیار اٹھائے وہ ہم میں سے نہیں۔‘‘(رواہ البخاری)
احادیث نبویہ اور آیات قرآنیہ میں ہر شہری کو جان کے تحفظ کا حق عطا کیا گیا ہے۔
اللہ رب العزت نے سورۂ مائدہ کی 32 ویں آیت میں جان کے تحفظ کے بارے میں ارشاد فرمایا اس میں خطاب تو بنی اسرائیل کو ہے، لیکن جو ہدایت ارشاد فرمائی وہ پوری انسانیت کے لئے ہے اور فرمایا کہ کوئی شخص کسی کو دوسرے کے قتل کے بدلہ کے علاوہ یا زمین میں فساد پھیلانے والے کے علاوہ کسی کو قتل کر دے تو گویا اس نے تمام انسانوں کو قتل کر دیا اور جو شخص کسی کی جان کو بچائے تو گویااس نے تمام لوگوں کو بچا لیا۔ اسلام نے شہریوں کے حقوق کو مکمل تحفظ دیا ہے۔ شہری سے مراد کسی ملک یا ریاست میں رہنے والا ہر وہ شخص ہے جسے اس ملک میں رہائش کے حقوق قانونی طور پر حاصل ہوں۔ اگرچہ شہری کا لفظی مطلب شہر کا رہنے والا ہے، لیکن اصطلاح میں شہری کسی ملک میں رہنے والے ہر شخص کو کہا جاتا ہے۔ چاہے وہ شہر میں رہتا ہو یا قصبے اور دیہات میں، یا خانہ بدوش ہو، یہ تمام شہری کہلاتے ہیں اس میں نہ رنگ اور نسل کا فرق ہے نہ مذہب اور عقیدہ کا، بلکہ ہر وہ شخص جو ایک مُلک یا ریاست کی حدود میں رہتا ہو اور حکومت کے قوانین کو تسلیم کرتا ہو وہ اس مُلک کا شہری ہے اگر وہ حکومت کی اجازت سے عارضی طور پر کسی دوسرے ملک میں چلا جائے تب بھی وہ اپنے ملک کا شہری ہے۔ یہ وضاحت اس لئے کرنا پڑی کہ جب یہ کہا جائے کہ اسلام نے شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے، تو کہیں ذہن میں نہ آجائے کہ پھر دیہاتی لوگوں کے حقوق کا تذکرہ کیوں نہ ہوا، لہٰذا لفظ شہری کا مفہوم خوب واضح کر دیا گیا۔
اسلام نے ہر شہری کے ہر طرح کے حق کا تحفظ کیا ہے۔ شہریوں کے حقوق کو چار حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے: (1) مذہبی حقوق ، (2) سیاسی حقوق، (3) معاشی حقوق، (4) معاشرتی حقوق۔
جس حق کے بارے میں ہم یہاں بات کر رہے ہیں، یعنی کسی شہری کی جان کے تحفظ کا حق تو اس حق کا تعلق معاشرتی حقوق سے ہے،بلکہ معاشرتی حقوق میں سب سے اہم حق ہے۔ ایک اسلامی ریاست، ایک اسلامی ملک اپنے ہر شہری کی جان کی حفاظت کا ذمہ دار ہے اور جان کی حفاظت ہر شہری کا حق ہے اسلام نے جان کے تحفظ کے لئے باقاعدہ قوانین بنانے کے لئے سخت سزائیں مقرر فرمائیں، لیکن یہ بات واضح ہے کہ محض قوانین اور محض سزائیں مقرر کرنا اس سے جان کی حفاظت نہیں ہوتی بلکہ ان قوانین کو نافذ کرنے اور ان سزاؤں پر عمل کرنے سے جان کا تحفظ ملے گا۔ دوسری طرف اسلام نے شہریوں پر بھی کچھ فرائض عائد کئے ہیں کہ وہ خود بھی اپنی جان کی حفاظت کریں اور دوسرے کی جان اور اس کی زندگی کا بھی تحفظ کریں اگر کوئی شہری خود اپنی زندگی کی حفاظت نہیں کرتا تو وہ بھی اسلامی تعلیمات کے مطابق سخت گنہگار ہے۔ صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم منقول ہے فرمایا، جس شخص نے اپنے آپ کو پہاڑ سے گرا کر مار ڈالا اس کو دوزخ میں بھی گرایا جاتا رہے گا اور جس شخص نے زہر کھا کر اپنی جان ختم کر لی تو پھر دوزخ کے اندر زہر کا پیالہ اس شخص کے ہاتھ میں ہو گا اور وہ اسے پیتا رہے گا اور فرمایا کہ جو شخص کسی ہتھیار سے اپنے آپ کو مار ڈالے اس کا ہتھیار دوزخ کے اندر اس کے ہاتھ میں ہو گا اور وہ اسے اپنے پیٹ میں گھونپتا رہے گا۔ بخاری اور مسلم کی ایک اور روایت میں ہے کہ خود کشی کرنے والے پر اللہ تعالیٰ جنت حرام کر دیتے ہیں، لہٰذا ہر شہری پر خود اپنی جان کی حفاظت بھی ضروری ہے۔ اب مثال کے طور پر دیکھئے سڑکوں پر ٹریفک کے اشارے موجود ہیں یہ تمام ٹریفک کے قوانین شہریوں کی حفاظت کے لئے بنائے گئے ہیں تیز رفتاری پر پابندی بھی جان کے تحفظ کے لئے ہے اب ایک شہری ٹریفک اشارے کی خلاف ورزی کرے تو یہ خود کشی کے مترادف ہے یہ شخص خود اپنی زندگی کی حفاظت نہیں کر رہا اور اللہ تعالیٰ کے نزدیک بھی یہ مجرم ہے۔ اس طرح تمام ملکی قوانین اور احکامات جو شہریوں کی جان کی حفاظت کے لئے بنائے گئے ہیں ان پر خود شہریوں کو عمل کرنا لازمی ہے۔
اسی طرح اسلام نے ہر شہری کے لئے دوسرے شہری کی جان کی بھی حفاظت ضروری قرار دی اور کسی جان کو معمولی نقصان پہنچانے سے بھی منع فرمایا۔ حضرت عبداللہ بن مغفلؓ کی روایت میں ارشاد نبوی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کنکریاں اور چھوٹے چھوٹے پتھر مارنے سے بھی منع فرمایا۔
ترجمہ: ’’کبھی اس سے دانت ٹوٹ جاتا ہے کبھی آنکھ پھوٹ جاتی ہے‘‘۔
حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ سے متفق علیہ روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو شخص تم میں سے ہماری مسجدوں میں آئے یا بازار سے گزرے اور اس کے پاس تیر ہوں تو وہ تیروں کے پھل پر ہاتھ رکھ لے تاکہ کسی مسلمان کو تکلیف نہ پہنچے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی شہری کی طرف اسلحہ سے اشارہ کرنے کو بھی منع فرمایا۔ فرمایا:
ترجمہ: ’’یعنی تم میں سے کوئی شخص کسی مسلمان بھائی کی طرف ہتھیار سے اشارہ نہ کرے، اس لئے کہ وہ نہیں جانتا کہ شاید شیطان اس کے ہاتھ سے ہتھیار کو کھینچ لے اور وہ اس کے بھائی کو لگ جائے اور پھر یہ مارنے والا جہنم کے گڑھے میں جا پڑے۔‘‘
بخاری شریف میں ارشاد نبوی ہے:
ترجمہ: ’’فرمایا کہ جو شخص کسی مسلمان کی طرف تیز دھار والی چیز سے اشارہ کرے تو فرشتے اس پر لعنت کرتے رہتے ہیں یہاں تک کہ وہ اس چیز کو رکھ دے اگرچہ اشارہ کرنے والے کا حقیقی بھائی کیوں نہ ہو‘‘۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوسرے مسلمان پر ہتھیار اٹھانے والے کو مسلمانوں کے دائرہ سے خارج فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا:
ترجمہ: ’’جو شخص ہم پر ہتھیار اٹھائے وہ ہم میں سے نہیں‘‘۔
اسلام نے ہر مسلمان کی جان دوسرے مسلمان کے لئے قابل احترام قرار دی دوسرے کی زندگی کو نقصان پہنچانا حرام قرار دیا ہے۔ فرمایا:
ترجمہ: ’’ہر مسلمان کا دوسرے مسلمان پر حرام ہے اس کا خون اس کا مال اور اس کی عزت‘‘۔
اللہ رب العزت نے جان کی حفاظت کے لئے قانون ارشاد فرمایا:
یعنی جو شخص جان بوجھ کر کسی ایمان والے کو قتل کرے تو اس پر لعنت ہو گی اور اس کے لئے بڑا عذاب تیار کیا گیا ہے اور دنیا میں قاتل کے لئے قصاص کا قانون عطا فرمایا کہ جان کے بدلے جان لی جائے۔ اگر قاتل کے ورثاء مالی معاوضہ لینا چاہیں تو دیت کا قانون رکھا اور یہ بھی اجازت دی کہ اگر ورثاء قاتل کو دنیوی سزا معاف کر دیں تو یہ بھی ان کا حق ہے وہ معاف کر سکتے ہیں، لیکن جان کے تحفظ کے سلسلے میں اسلام نے جتنے بھی قوانین عطا کئے ہیں ان قوانین کو ہر آدمی نافذ نہیں کر سکتا اور کوئی شخص جوش انتقام اور غصہ میں کسی بھی شخص کو سزا دینے کے لئے قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لے سکتا، بلکہ ان سزاؤں کا نفاذ صرف حکومت اور عدلیہ کر سکتی ہے یا ان کی طرف سے مقرر کردہ ادارے سزا دے سکتے ہیں۔ البتہ اپنی جان کے تحفظ کے لئے اسلام نے ہر شخص کو حق دیا ہے کہ وہ اپنے اور اپنے گھر والوں کی جان بچانے کے لئے مقابلہ کرے اگر وہ مارا جائے تو اسے شہید قرار دیا گیا۔ ترمذی اور ابوداؤد میں سعید بن زیدؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
ترجمہ: ’’یعنی جو شخص اپنی جان کی حفاظت کرتے ہوئے مارا جائے تو وہ شہید ہے اور جو اپنے گھر والوں کی حفاظت کرتے ہوئے مارا جائے تو وہ بھی شہید ہے‘‘،لہٰذا اسلام نے جہاں حکومت کے ذمہ شہریوں کی جان کی حفاظت کرنا لازم کیا وہاں خود شہریوں پر بھی ایک دوسرے کی جان کی حفاظت کا فرض عائد کیا۔ جان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ اسلام نے زندگی کے تحفظ کے لئے جو قوانین مقرر فرمائے اور خود حکومت جان کے تحفظ کے لئے جو اصول و ضوابط مقرر کرتی ہے ان پر بلا امتیاز عمل کیا جائے خصوصاً اسلامی حدود اور سزاؤں میں سفارش کا خاتمہ کر دیا جائے اور سختی سے مقررہ سزاؤں پر عمل درآمد ہو تو پھر ولکم فی القصاص حیاۃ یا اولی الالباب قرآنی فلسفہ بخوبی معلوم ہو جائے گا کہ اے اہلِ عقل قصاص میں تمہارے لئے زندگی ہے۔

مزید :

کالم -