بے وفا شوہر سے بدلہ لینے کے لئے خاتون ٹیچر نے ایسا کام کرڈالا کہ جان کر روح کانپ اٹھے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک پتھر دل خاتون نے اپنے شوہر کی بے وفائی کا بدلہ لینے کے لئے اپنے معصوم بیٹے سے وہ سلوک کر ڈالا کہ جس کی توقع وحشی درندوں سے بھی نہیں کی جا سکتی۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق 34سالہ خاتون کم کلارک کے شوہر ڈیوڈ ہیمر نے مبینہ طور پر کسی اور خاتون کے ساتھ تعلقات استوار کر رکھے تھے۔ اس پر کم کلارک نے اپنے 4ماہ کے بیٹے کو سر کے بل زمین پر دے مارا جس سے اس کے سر پر شدید چوٹ لگ گئی اور اس کی کھوپڑی میں کئی فریکچر آ گئے۔ ڈاکٹروں کے مطابق بچے کے دماغ کو بھی نقصان پہنچا ہے جو تمام عمر بچے کے ساتھ رہے گا اور اس کی صحت کے حوالے سے کئی پیچیدگیاں پیدا کرتا رہے گا۔برطانوی شہر میڈسٹون کی عدالت نے اپنے بیٹے کو جان سے مارنے کی کوشش کرنے کے جرم میں کم کلارک کو 12سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
مزید جانئے: مُردہ بیٹی کے بچے کو جنم دینے کی اجازت حاصل کرنے نانی عدالت پہنچ گئی، ایسا کیسے ممکن ہے؟ انتہائی حیران کن حقیقت
رپورٹ کے مطابق پراسیکیوٹر کرسٹوفر تہرانی نے عدالت کو بتایا کہ ”کم کلارک سیکنڈری سکول کی سابق ٹیچر ہے۔ اس کے شوہر کا کسی خاتون کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا جس پر دونوں میاں بیوی میں کئی بار جھگڑا بھی ہوا۔ پھر ایک روز اس نے بچے کو جان سے مارنے کی کوشش میں اسے سرکے بل زمین پر گرا دیا۔
اس کے بعد اس نے اپنے شوہر کو خودکشی کی دھمکی بھی دی اور پھر کچن میں گئی اور وہاں سے چھری اٹھا کر اپنے شوہرپر حملہ کر دیا تاہم اسے معمولی خراشیں آئیں۔ اس کے بعد کلارک نے چھری اپنے پیٹ میں گھونپنے کی کوشش کی لیکن اس کے شوہر نے اسے پکڑ لیا۔بعد میں کلارک نے خود ہی پولیس کو فون کیا اور بچے کے زخمی ہونے کا الزام اپنے شوہر پر لگا دیا۔“ کم کلارک نے اقبال جرم کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ”میں نے بچے کو ٹانگوں سے پکڑا اور زور سے سر کے بل گھر کے فرش پر دے مارا۔ میں اپنے شوہر کی بے وفائی کی وجہ سے غصے میں تھی۔ مجھے اپنے کیے پر پچھتاوا ہے۔“ واضح رہے کہ ہیمر اور کلارک کی 2013ءمیں ایک ڈیٹنگ ویب سائٹ پر ملاقات ہوئی تھی۔ پھر دونوں ساتھ رہنے لگے اور اس دوران ان کے ہاں یہ بیٹا پیدا ہوا۔ کچھ عرصہ قبل کلارک نے ہیمر کے کردار پر شک کرنا شروع کر دیا، او ر اکثر اس پر مختلف خواتین کے ساتھ معاشقوں کے الزامات لگاتی رہتی تھی۔