وزیر زراعت پنجاب کا صوبائی ریفرنس فرٹیلائزر ٹیسٹنگ لیبارٹری رائیونڈ کا معائنہ

وزیر زراعت پنجاب کا صوبائی ریفرنس فرٹیلائزر ٹیسٹنگ لیبارٹری رائیونڈ کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( کامرس رپورٹر)وزیر زراعت پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید نے صوبائی ریفرنس فرٹیلائزر ٹیسٹنگ لیبارٹری رائیونڈ کا معائنہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن افسران ، محکمہ زراعت پنجاب کے اعلیٰ حکام، پیسٹی سائیڈ اور فرٹیلائزر انسپکٹرزکو ہدایت کی کہ وہ صوبہ بھر میں زرعی ادویات اور کھادوں میں ملاوٹ کے مکمل خاتمہ کو یقینی بنانے اورملاوٹ کی شرح کو صفر پر لا نے کے لیے کریک ڈاؤن تیز کریں۔ زرعی ادویات میں ملاوٹ کے سنگین جرم میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جا ئے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبہ میں زرعی ادویات کی ملاوٹ کو مکمل طو رپر ختم کر کے دم لیں گے۔ کاشتکاروں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے تجزیاتی لیبارٹریوں کے قیام اور ان میں جدید آلات اور ٹیکنیکل سٹاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ کاشتکار پنجاب کے ہر ضلع میں قائم مٹی اور پانی کی تجزیہ گاہوں سے مٹی، پانی اور کھادوں کا تجزیہ کروائیں اور ان تجزیاتی رپورٹس کی روشنی میں کھادوں کا متناسب استعمال کریں۔ زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ کے علاوہ کھادوں پر اٹھنے والے اخراجات میں کمی ہو گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سائل فرٹیلیٹی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر شہزادہ منور مہدی ، زرعی کیمسٹ ڈاکٹر شاہد جاوید اور دیگر بھی موجودتھے۔ ڈاکٹر شہزادہ منور مہدی اور ڈاکٹر شاہد جاوید نے وزیر زراعت پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید کو لیبارٹری میں استعمال ہونے والے جدید ٹیسٹنگ آلات بارے تفصیلی بریفنگ دی ۔
وزیر زراعت پنجاب کو بتایا گیا کہ صوبائی ریفرنس فرٹیلائزر ٹیسٹنگ لیبارٹری رائیونڈ پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ماتحت ہے جو زہروں اور کھادوں کے نمونہ جات کے تجزیہ کے متعلق حتمی فیصلہ کرتی ہے ۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے لیبارٹری میں ان نمونوں کے تجزیہ کے شفاف عمل پر اطمینان کا اظہار کیا اور زرعی سائنسدانوں کی کوششوں کو سراہا ۔

مزید :

کامرس -