اسلام آباد سپورٹس بورڈ وویمن ہاکی ٹیم سلیکشن کا معاملہ شدت اختیار کرگیا

اسلام آباد سپورٹس بورڈ وویمن ہاکی ٹیم سلیکشن کا معاملہ شدت اختیار کرگیا

اسلام آباد(آن لائن)قائد اعظم گیمز میں شرکت کرنیوالی اسلام آباد سپورٹس بورڈ کی وویمن ہاکی ٹیم کی سلیکشن اور آفیشلز کی تقرری کا معاملہ شدت اختیار کر لیا ، سابق رکن قومی اسمبلی اور اسلام آباد وویمنز ہاکی ایسو سی ایشن کی چیئرپرسن تسنیم صدیقی نے سپورٹس بورڈ کی تشکیل کردہ ٹیم تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ۔ اسلام آباد سپورٹس بورڈ نے وویمنز ہاکی ایسو سی ایشن کی مشاورت سے اوپن ٹرائلز لئے جس کے بعد کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی تاہم اسلام آباد وویمنز ہاکی ایسو سی ایشن کی چیئرپرسن تسنیم صدیقی اب ٹیم میں کئی نام تبدیل کرانے پر بضد ہیں ۔

جس سے اسلام آباد وویمن ہاکی ٹیم کی تشکیل کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے ۔ اس ضمن میں اسلام آباد سپورٹس بورڈ کے سیکرٹری اصغر نیاز ی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سپورٹس بورڈ نے ہاکی ایسو سی ایشن کی مشاورت سے ٹیم اور آفیشلز کے ناموں کو حتمی شکل دی تھی تاہم اب اسلام آباد وویمن ہاکی ایسو سی ایشن نام تبدیل کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہی ہے جس پر انہیں واضح کر دیا گیا کہ اگر دو روز میں معاملہ کو افہام و تفہیم سے حل نہ کرایا گیا تو اسلام آباد سپورٹس بورڈ تمام عمل کی خود ہی نگرانی کرتے ہوئے دوبارہ ٹرائلز لے گا اور میرٹ پر ہی ٹیم کا چناؤ عمل میں لایا جائیگا ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی