قائد اعظم گیمزکے کامیاب انعقاد کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

قائد اعظم گیمزکے کامیاب انعقاد کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے کہاکہ آئندہ ماہ منعقد ہونیوالی پہلی قائد اعظم گیمزکے کامیاب انعقاد کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے، ملک بھر سے 27سو سے زائد اتھلیٹس اور آفیشلز شرکت کرینگے ۔گیمز میں چاروں صوبوں ، فاٹا، اسلام آباد ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر بورڈز کی ٹیمیں 11خواتین اور13مرد کھیلوں میں مد مقابل ہونگی جبکہ5اپریل سے 8اپریل تک جاری رہنے والے ایونٹ میں ملک بھر سے 1928اتھلیٹس ، 448آفیشلز، 290ٹیکنیکل آفیشلز اور 116ہیلپرز ایکشن میں نظر آئینگے۔

، ڈی جی پی ایس بی نے مزید بتایا کہ میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں ، جو روزانہ کی بنیاد پر اپنے انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہیں ۔قائد اعظم گیمز پر مجموعی طور پر 13کروڑ70لاکھ روپے کے اخراجات آئینگے جن میں سے کھلاڑیوں کے ٹی اے اور ڈی اے پر 7کروڑ28لاکھ روپے، رہائش پر 3کروڑ59لاکھ روپے، کیش انعامات اور ٹرافیوں پر 68لاکھ روپے، افتتاحی تقریب پر 82لاکھ ،اختتامی تقریب پر 13لاکھ روپے ، گیمز کے دوران سکیورٹی پر 6لاکھ 85ہزار، کے اخراجات آئینگے۔انہوں نے بتایا کہ گیمز کے انفرادی مقابلوں میں پہلی پوزیشن کیلئے نقد انعام 7 ہزار روپے، دوسری پوزیشن کیلیے5 ہزار روپے اور تیسری پوزیشن کیلئے 3 ہزار روپے انعامی رقم رکھی گئی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی