موجودہ سیاسی نظام مک مکا پر مبنی ہے،صاحبزادہ حامد رضا
لاہور(خبر نگار خصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مسائل زدہ خلق خدا نواز شریف سے ناراض ہے۔ موجودہ سیاسی نظام مک مکا پر مبنی ہے۔اسلام پسند دین دار طبقہ میں مسلم لیگ سے نفرت عروج پر ہے۔دو نمبر لٹیروں اور مفاد پرست حکمرانوں نے ریاست کو عوام کیلئے سوتیلی ماں بنا دیا ہے۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے مشائخ رابطہ مہم کے سلسلہ میں گدی نشین مشائخ سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکمران پارلیمنٹ کے بجائے ذاتی دوستوں کے مشوروں سے پالیسیاں بنا رہے ہیں۔
سعودی عرب کے فوجی اتحاد میں شمولیت سے پہلے پارلیمنٹ سے منظوری لینی چاہیئے۔مسلم فوجی اتحاد میں تمام اسلامی ممالک کی شمولیت تک پاکستان کو شامل نہیں ہونا چاہیئے۔حکومت نے تین سالوں میں پانچ ارب ڈالر کے نئے قرضے لیکر قوم کو گروی رکھ دیا ہے۔مقروض قوم کے عوامی نمائندوں کو صرف اپنی تنخواہیں بڑھانے کی فکر ہے۔حکومتی اور اپوزیشن ممبران اسمبلی کا اپنی تنخواہیں بڑھانے کیلئے ہم آواز ہونا شرمناک ہے۔پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کے وسائل پر قبضہ کررکھا ہے۔