میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ماڈل ٹاؤن کیس مانیٹر کریں،وکلاء عوامی تحریک
لاہور(خبر نگار خصوصی)پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی زیر صدارت ہواجس میں دہشتگردی کی عدالت میں دائر کیے گئے استغاثہ کے حوالے سے مختلف قانونی پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا ۔اجلاس میں مرزا نوید بیگ ایڈووکیٹ، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ، مرکزی رہنما احمد نوازانجم اور شہداء کے ورثاء شریک ہوئے ،نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے ایک قرارداد پیش کی جس میں استدعا کی گئی کہ میڈیا،وکلاء اور انسانی حقوق کی تنظیمیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کو مانیٹر کریں تاکہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا ء کو بلا روک ٹو ک انصاف مل سکے۔اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ عوامی تحریک کے وکیل مرزا نوید بیگ کوہراساں کیا جارہا ہے اور جب وہ سفر کرتے ہیں تو نامعلوم مشکوک موٹر سائیکل سوار ان کا تعاقب کرتے ہیں اور مسلسل موبائل فون پر ہدایات لیتے رہتے ہیں،اس حوالے سے دہشتگردی کی عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج خواجہ ظفر اقبال کو تحفظ کیلئے تحریری درخواست دی گئی ہے جس پر تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے مطالبہ کیا کہ مرزا نوید بیگ ایڈووکیٹ کو تحفظ دیا جائے اور وکلاء کو ہراساں کیے جانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔