کرپشن نے ملکی معیشت کو کھوکھلا کر دیا ہے،ذکر اللہ مجاہد
لاہور (خبر نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ ملک کا اہم ترین مسئلہ کرپشن ہے جس نے ملکی معیشت کو کھوکھلا کردیا ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں روزانہ 12ارب روپے سے زائد کی کرپشن ہورہی ہے۔ کرپٹ ادارے اور اشخاص یہ چاہتے ہیں کہ ان کی بجائے دوسروں کا احتساب ہوجائے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سراج الحق امیرجماعت اسلامی پاکستان کی قیادت میں ملک گیر کرپشن فری پاکستان مہم بھرپور طریقے سے شروع کردی ہے۔
اور اس سلسلہ میں بڑے پیمانے پر اہم افراد اور عامۃ الناس سے رابطے کیے جارہے ہیں اور انھیں کرپشن کے خلاف متحرک اورمنظم کیاجارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے خود غرض حکمرانوں نے تمام وسائل کا رخ اپنے محلوں اور بنگلوں کی طرف موڑدیا ہے۔ تمام ترقیاتی کاموں کا رخ جاتی عمرہ سے ہوکے جاتا ہے،حکمرانوں کا پڑوسی شہر رائے ونڈ علاقہ غیر کی تصویرکشی کررہا ہے۔ رائے ونڈ ایک بین الاقوامی شہرہونے کے ناطے صاف پینے کے پانی سے محروم ہے۔